آکولہ میں دن دہاڑے نوجوان کا بے رحمی سے قتل، علاقے میں سنسنی،محبت کے معاملے نے ایک اور جان لی

آکولہ،۲؍دسمبر (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ)ناندیڑ میں محبت کے تنازعے سے سکشم تاٹے نامی نوجوان کے قتل کی گونج ابھی تھمی بھی نہ تھی کہ آکولہ ضلع میں بھی ایسی ہی دل دہلا دینے والی واردات نے پوری فضا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اکولہ کے شیگاؤں علاقے میں ایک نوجوان کا سرِعام چاقو سے وار کر کے بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ مقتول نوجوان کا نام گورَو بائسکر بتایا گیا ہے۔
چار افراد نے بھرے راستے میں گورَو کو روک کر اس پر اندھا دھند چاقو سے وار کیے، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ بیٹھا۔ اس لرزہ خیز واقعے نے اکولہ شہر میں شدید کھلبلی مچا دی ہے۔واقعہ اکولہ ضلع کے شیگاؤں–اکوٹ روڈ پر پیش آیا، جہاں گورَو بائسکر پر محبت کے معاملے کو لے کر چار افراد نے جان لیوا حملہ کیا۔ بھرے راستے میں اس پر چاقو سے کئی بار وار کیے گئے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی جان گنوا بیٹھا۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آور لوہارا تعلقہ بالاپور ضلع آکولہ کے مورے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔پولیس کے مطابق مورے خاندان کے ایک نابالغ لڑکے، اس کے والد اور دو دیگر ساتھیوں نے مل کر گورَو بائسکر کو قتل کیا۔ آکوٹ–شیگاؤں روڈ پر اندورا پھاٹا کے قریب دوپہر کے وقت یہ واردات رونما ہوئی، جس نے پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا۔ اُرل پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ قتل کے مقدمے کے اندراج کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔واقعہ نمبا پھاٹا سے تلہارا روڈ پر، کارنجہ (رمضانپور) پھاٹا کے قریب
دوپہر کے وقت پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی اُرل پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، گورَو کی لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معاملہ محبت کے تنازعے سے جڑا ہوا لگتا ہے، تاہم قتل کی اصل وجہ کے بارے میں پولیس نے تاحال کوئی واضح بیان نہیں دیا۔اس بہیمانہ قتل نے مقامی شہریوں میں خوف، غم اور اشتعال کی لہر پیدا کر
دی ہے، جبکہ پولیس ملزمان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور مزید حقائق سامنے آنے کی کوشش جاری ہے۔



