حیدرآباد میں 4 کروڑ روپے حوالہ کی رقم پکڑی گئی – نظام آباد سے کار میں شہر منتقل کی جارہی تھی رقم
حیدرآباد کے شاہ میر پیٹ میں کار سے بھاری /حوالہ رقم ضبط — 4 کروڑ روپے برآمد
حیدرآباد کے شاہ میرپیٹ علاقہ میں پولیس نے ایک کار سے بھاری مقدار میں حوالہ کی رقم برآمد کی۔ اطلاعات کے مطابق بوئین پلی کرائم پولیس نے خصوصی چیکنگ کے دوران گاڑی کے ٹائروں اور سیٹوں کے نیچے چھپائی گئی رقم برآمد کی، جس کی مالیت تقریباً 4 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ حوالہ کے ذریعہ بڑی رقم مختلف مقامات کو منتقل کی جا رہی ہے۔ 2024 میں حوالہ ریکٹ کے اسی کیس میں ملوث ایک شخص فرار ہوگیا تھا۔ آج ٹاسک فورس پولیس کو اطلاع ملی کہ مذکورہ شخص نظام آباد سے بھاری رقم کے ساتھ شہر آرہا ہے۔
اسی اطلاع کی بنیاد پر ناکا بندی کرتے ہوئے گاڑی کو روکا گیا اور تلاشی کے دوران کروڑوں کی نقد رقم دستیاب ہوئی۔ پولیس نے کار کو ضبط کر کے ڈرائیور سمیت متعلقہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق رقم کہاں سے لائی گئی؟ کن لوگوں تک پہنچائی جانے والی تھی؟ اور اس کا استعمال کس مقصد کے لیے ہونا تھا؟ ان تمام نکات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
پولیس نے اس کارروائی کو حوالہ مافیا پر بڑی ضرب قرار دیا ہے۔



