حیدرآباد کے پرانے شہر میں اچانک ناکہ بندی کرکے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم

حیدرآباد ۔ شہر میں جرائم کی روک تھام اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے مقصد سے حیدرآباد ساؤتھ زون پولیس نے بڑے پیمانے پر ناکہ بندی اور گاڑیوں کی تلاشی مہم انجام دی جس کے دوران گزشتہ دس دنوں میں دو ہزار سے زائد گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
ڈی سی پی ساؤتھ زون کرن کھرے کی قیادت میں جمعہ کی رات شاہ علی بنڈہ چوراہے کے قریب وسیع پیمانے پر ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس مہم کے دوران بغیر نمبر پلیٹ اور نمبر پلیٹ میں چھیڑ چھاڑ کرنے پر 110 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
ڈی سی پی کرن کھرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس ناکہ بندی آپریشن میں 120 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ تلاشی کے دوران مشتبہ افراد کے فنگر پرنٹس کے نمونے بھی حاصل کیے گئے تاکہ مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہم عوام کو ہراساں کرنے کے لیے نہیں بلکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے انجام دی جا رہی ہے۔ ڈی سی پی نے روڈی شیٹرس اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈی سی پی کے مطابق گزشتہ دس دنوں میں ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر دو ہزار سے زائد گاڑیاں ضبط کی جا چکی ہیں اور مستقبل میں بھی ناکہ بندی اور تلاشی مہمات کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا ۔
یہاں یہ ذکر بے جا نہ ہوگا کہ چند دن قبل ہی کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار کی قیادت میں پورے شہر حیدرآباد میں اچانک آپریشن کواچ کے تحت بڑے پیمانے پر ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی لی گئی تھی۔ انہوں نے اسی وقت واضح کر دیا تھا کہ یہ مہم شہر بھر جاری رہے گی۔
کمشنر پولیس نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ مہم اچانک چلائی جائے گی اور آج بالکل اسی طرح اچانک شاہ علی بنڈہ علاقے میں ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔



