ٹیلی ویژن پھٹ پڑا۔ ساس بہو زخمی

حیدرآباد: ریاست آندھرا پردیش کے انا مایہ ضلع کے راماپورم منڈل کے گوولّا چیروؤ گاؤں سے تعلق رکھنے والی گوڈورو لکشُمّاں کے مکان میں جمعہ کے روز ٹی وی اچانک زور دار آواز کے ساتھ پھٹ پڑا۔ اس حادثے میں دو خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق لکشُمّاں گھر کے اندر ٹی وی دیکھ رہی تھیں جبکہ ان کی بہو ناگرتنا گھر کے سامنے رنگولی (مُگّو) بنا رہی تھیں۔ اسی دوران اچانک ٹی وی زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔
دھماکے کی شدت سے مکان کے دروازے اکھڑ گئے اور گھریلو سامان کو شدید نقصان پہنچا۔لکشُمّاں کو شدید چوٹیں آنے پر 108 ایمبولینس کے ذریعے کڑپہ کے رِمس اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ناگرتنا کو مقامی طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
اطلاع ملتے ہی لکّی ریڈی پلی سی آئی کرشن راجو نائک نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے بھی تلاشی لی۔زخمیوں نے پولیس کو بتایا کہ یہ ٹی وی تقریباً 30 سال پرانا تھا
جسے دس سال قبل سیکنڈ ہینڈ خریدا گیا تھا۔ حال ہی میں اس میں خرابی آنے پر کڑپہ میں کچھ پرزے تبدیل کرائے گئے تھے۔پولیس نے اس واقعہ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔



