حلقہ اسمبلی مکتھل سے دو مسلمان، سرپنچ منتخب
مکتھل( ) ضلع نارائن پیٹھ تلینگانہ کے معروف حلقہ اسمبلی مکتھل سے حال ہی میں منعقدہ گرام پنچایت انتخابات میں دو مسلم امیدواروں نے اپنے حریف امیدواروں کو بھاری اکثریت سے شکست دیتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کرلی اور ” سرپنچ "منتخب قرار دیئے گئے،
موصولہ تفصیلات کے بموجب مکتھل اسمبلی حلقہ سے مکتھل منڈل میں واقع موضع ” چٹیال” سے کانگریس کے تایئدی امیدوار کی حیثیت سے جناب سی رحمت پاشاہ ” نے بی جے پی کے تایئدی امیدوار مسٹر لکشمن کو زائد از تین سو ووٹوں سے شکست دیکر فتح حاصل کرلی اور سرپنچ چیٹیال منتخب ہوئے،جبکہ حلقہ اسمبلی مکتھل کے اوٹکور منڈل کے موضع ” پگڑی مری "سے ایک اور مسلم امیدوار جناب محمد جعفر نے اپنے حریف مسٹر نارایئنا کو 321/ووٹوں کے بڑے فرق کے ساتھ شکست دیکر کامیابی حاصل کی اور سرپنچ پگڑی مری منتخب ہوگئے، جناب محمد جعفر جو ایک سماجی خدمتگذار ہیں اپنے اس آبائی موضع سے کانگریس کے تایئدی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کے خواہشمند تھے، تاہم پارٹی نے کسی اور کی نہ صرف تایئد کی بلکہ موصوف پر انتخابی میدان سے دستبرداری کیلئے شدید دباؤ بھی بنایا
،اس کے باوجود جناب محمد جعفر نے نہ صرف انتخابی میدان میں آخیر وقت تک موجود رہے بلکہ پارٹی کے باغی امیدوار کی حیثیت سے قسمت آزمائی کرتے ہوئے اپنی شاندار وتاریخی جیت درج کروائی، حلقہ اسمبلی مکتھل سے ان دو مسلم امیدواروں کی کامیابی پر مسلم حلقوں میں خوشی ومسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے اور سیاسی تجزیہ نگاروں نے اس کو مسلمانوں میں سیاسی شعور کی بیداری، خود اعتمادی اور جذبہ خدمت سے سرشار سیاسی حوصلہ،اور ایک نئے عزم وہمت کے آغاز سے تعبیر کرتے ہوئے سیاسی میدان میں اس پہل کو خوش آیند، اور مسلم نوجوانوں کے سیاسی مستقبل کے لئے اک نئی راہ، اور ایک نئے باب کا اضافہ قرار دیا
ضلع بھر سے موصولہ محدود اطلاعات کے مطابق،پنچایت انتخابات میں بڑی کامیابی درج کروانے والے یہ دو مسلم سیاسی قائدین کو پورے ضلع نارائن پیٹھ کے دو مسلم سرپنچ کی حیثیت سے بھی دیکھا جارہا ہے
جمعیتہ علماء ضلع نارائن پیٹھ نے ان کی خدمت میں پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید وتوقع ظاہر کی کہ اصول واقدار پر مبنی سیاست کو ملحوظ رکھکر ہمارے یہ معزز قائدین پورے خلوص کے ساتھ قوم وملت کی بے لوث خدمت کیلئے سرگرم عمل ہونگے!



