جرائم و حادثات

ماں نے 9 ماہ کے لختِ جگر کو بیچ دیا، تلنگانہ کے نظام آباد ریلوے اسٹیشن پر واقعہ

تلنگانہ کے نظام آباد ریلوے اسٹیشن کے علاقے میں ایک بچے کو فروخت کرنے کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ نظام آباد شہر کے مجاہد نگر علاقے کی ایک خاتون نے اپنے 9 ماہ کے بیٹے کو پیسوں کے بدلے فروخت کر دیا۔

 

اطلاعات کے مطابق، یہ خاتون ریلوے اسٹیشن کے آس پاس بھیک مانگتی تھی اور اسی دوران مجاہد نگر کے ہی ایک شخص سے بات طے ہوئی۔ خاتون نے اپنے بچے کو ایک لاکھ 25 ہزار روپے میں فروخت کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کی رات 9 سے 10 بجے کے درمیان ایک شخص کار میں آ کر بچے کو اپنے ساتھ لے گیا۔

 

کہا جا رہا ہے کہ اس شخص کی تین بیٹیاں ہیں اور بیٹے کی خواہش میں اس نے درمیانی لوگوں کی مدد سے بچے کو خریدنے کی کوشش کی۔ اس واقعہ کی خبر ملنے پر کچھ نامعلوم افراد نے 1098 چائلڈ ہیلپ لائن پر فون کر کے اطلاع دی۔

 

اس کے بعد محکمہ چائلڈ ویلفیئر نے ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے ہفتہ کی دوپہر تقریباً 3 بجے بچے کو بازیاب کر لیا اور ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button