ایک نوجوان کی جان بچانے کی کوشش میں باپ اور بیٹے نے اپنی جان جوکھم میں ڈال دی، باپ جاں بحق
وقارآباد، 26 دسمبر: تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے یالال منڈل کے راجیو کالونی میں جمعرات کی شام انک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پرانی دشمنی کے باعث تانڈور کے اندرمّاں کالونی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کِٹّو کو قتل کرنے کی نیت سے اس کا پیچھا کیا جا رہا تھا۔
ڈی آئی جی کے مطابق، تاندور منڈل کے کنجاپور گاؤں سے تعلق رکھنے والے گوپال اپنے ساتھیوں آدَرش، انیل، پروین کمار، کرشن پرشانت اور چندو کے ساتھ مل کر کِٹّو کو ہلاک کرنے کے ارادے سے اس کے پیچھے پڑ گیا۔ جان بچانے کے لیے کِٹّو راجیو کالونی میں واقع ایک چکن شاپ میں داخل ہو گیا۔
چکن شاپ کے مالک نور احمد اور ان کے بیٹے عبدال نے نوجوان کو بچانے اور حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے حملہ آوروں سے سوال کیا کہ وہ نوجوان کے پیچھے کیوں پڑے ہیں، مگر اسی دوران گوپال اور اس کے ساتھیوں نے باپ اور بیٹے پر چاقو سے جان لیوا حملہ کر دیا۔
اس حملے میں نور احمد شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع ہاسپٹل منتقل کیا گیا، تاہم بہتر علاج کے لیے حیدرآباد لے جاتے وقت وہ دم توڑ گئے، جبکہ بیٹا عبدال زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔
ایک نوجوان کی جان بچانے کی کوشش میں نور احمد کی موت کے بعد تانڈور شہر میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے وقارآباد ضلع کی ایس پی کی نگرانی میں پولیس کی بھاری جمعیت تعینات کی گئی اور نور احمد کی تدفین سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان انجام دی گئیں۔
پولیس نے نور احمد کے قتل میں ملوث تمام ملزمین گوپال، آدَرش، انیل، پروین کمار، کرشن پرشانت اور چندو کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔



