جرائم و حادثات

والدین کی جانب سے پتنگ نہ دلانے پر 9 سالہ اکلوتے بیٹے نے اپنی جان دے دی – تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع میں افسوسناک واقعہ

والدین کی جانب سے فوراً پتنگ نہ دلائے جانے پر دل برداشتہ 9 سالہ بچہ گھر میں تنہا لمحوں میں ایسا قدم اٹھا بیٹھا جس نے پورے گاؤں کو اشکبار کر دیا۔

 

اطلاعات کے مطابق، تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع کے مڑجل منڈل کے چلویئر گاؤں کے رہائشی جکّا راجو اور شری لتا کے اکلوتے بیٹے سدّھو نے کھیل کود کے دوران پتنگ کی ضد کی۔ والدین کی جانب سے فوری طور پر خواہش پوری نہ ہونے پر وہ ناراض ہو گیا اور غصہ میں آ کر گھر کے سلیب میں لگی لوہے کی سلاخ سے ساڑی باندھ کر خودکشی کر لی۔

 

گھر والوں نے بچے کو دیکھتے ہی بچانے کی بھرپور کوشش کی اور فوراً نیچے اتارا، مگر تب تک قیمتی جان جا چکی تھی۔ سدّھو مقامی سرکاری اسکول میں چوتھی جماعت کا طالب علم تھا۔ اس کی ناگہانی موت نے والدین کو توڑ کر رکھ دیا اور گاؤں بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

 

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بچے نے والدین کو ڈرانے کے ارادے سے عجلت میں یہ قدم اٹھایا تھا، مگر ایک لمحاتی ضد اس کی زندگی کا آخری موڑ بن گئی۔

 

سانحے کی خبر ملتے ہی گاؤں کے سرپنچ ناگا راجو، مقامی عوامی نمائندے اور معززین موقع پر پہنچے، لواحقین سے تعزیت کی اور صبر و حوصلے کی تلقین کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ یہ واقعہ والدین اور سماج کے لیے ایک دردناک تنبیہ ہے کہ بچوں کے جذبات کو سنجیدگی سے سمجھا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button