جرائم و حادثات

خوفناک سڑک حادثہ – ٹرک بولیرو گاڑی پر الٹ گیا ؛ ڈرئیور جاں بحق

لکھنؤ _ اترپردیش کے ضلع رامپور میں ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں نینی تال نیشنل ہائی وے پر بھوسے سے لدا ایک ٹرک بے قابو ہو کر بازو سے چلتی بولیرو گاڑی پر الٹ گیا، جس کے نتیجہ میں بولیرو کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جس کی شناخت فراست کے نام سے ہوئی ہے

 

یہ حادثہ گنج پولیس اسٹیشن حدود میں پہاڑی گیٹ کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ہائی وے پر گزرنے کے دوران بھوسہ لے جانے والا ٹرک اچانک اپنا توازن کھو بیٹھا اور بازو سے گزر رہی بولیرو پر جا گرا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بولیرو ڈرائیور نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ بولیرو گاڑی پر ’’اترپردیش سرکار‘‘ تحریر تھا۔

 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع رامپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ودیا ساگر مشرا قریبی پولیس اسٹیشن کے عملے کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ جے سی بی مشین کی مدد سے شدید طور پر تباہ شدہ بولیرو سے نعش کو باہر نکالا گیا۔ بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔

 

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس پی ودیا ساگر مشرا نے بتایا کہ حادثہ کے فوراً بعد راحت و بچاؤ کارروائیاں شروع کر دی گئی تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بولیرو میں صرف ایک ہی شخص موجود تھا اور ٹرک یا بھوسے کے نیچے کسی اور کے دبے ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button