تلنگانہ

جانوروں کی منتقلی کے دوران شر انگیزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کمشنر پولیس نظام آباد کلمیشور سے مجلسی وفد کی نمائندگی

نظام آباد:31/مئی (نیوز اینڈ ویوز میڈیا سروس ) صدرمجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی  کی ہدایت پر آج صدر ضلع مجلس نظام آباد محمد شکیل احمد فاضل کی قیادت میں ڈپٹی میئر بلدیہ محمد ادریس خان، مجلسی کارپوریٹرس، وانچارج کارپوریٹرس محمد سلیم، عبدالعلی، محمد مستحسن، محمد ریاض احمد، کوآپشن ممبران شہباز احمد، ارشد پاشاہ، مجلسی قائدخلیل احمدکے ہمراہ وفد کی شکل میں نظام آباد پولیس کمشنر مسٹر کلمیشور سے کمشنریٹ آفس نظام آباد میں ملاقات کی

 

اور17/جون کومنائی جانے والی عیدالاضحی کے پیش نظرامن وامان کی برقراری، جانوروں کا تحفظ، جانوروں کی منتقلی اور گاؤ رکھشک کے نام پر شرپھیلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریری یادداشت پیش کی۔

 

اس موقع پر صدر ضلع مجلس محمد شکیل احمد فاضل نے پولیس کلمیشور سے کہاکہ نظام آباد ضلع میں مختلف مقامات سے قربانی کیلئے جانوروں کوخرید و فروخت کے سلسلہ میں نظام آباد ضلع میں بڑے پیمانے پر لایاجاتا ہے۔ نظام آباد ضلع کے بیل بازاروں، ساٹاپور بازار، نوی پیٹ بازار، ایچوڑا بازار، عادل آباد بازار، بانسواڑہ بازار، یلاریڈی ودیگر بازاروں سے براہ سڑک آرمور روڈ، حیدرآباد روڈ، ڈچپلی، موسرا، بانسواڑہ، ساٹا پور، بودھن روڈ اور دیگر لنک روڈ کے ذریعہ نظام آباد کو جانور گاڑیوں کے ذریعہ دوسرے مقامات پر منتقل کیاجاتا ہے

 

 

اس دوران گاؤ رکھشک پولیس کو گمراہ کرتے ہوئے غلط بیانی سے کام لیکر جانوروں کو منتقل کرنے والے و کاروبار کرنے والوں کو ہراساں وپریشان کرتے رہتے ہیں جس سے امن وامان کو خطرہ لاحق رہتا ہے انہوں نے پولیس کمشنر سے کہاکہ وہ جانوروں کے تحفظ، جانوروں کی منتقلی کے سلسلہ میں نظام آباد ضلع کے تمام پولیس عہدیداروں کو جانوروں کے تحفظ کرنے کی ہدایت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اور کہاکہ جانوروں کے کاروبار کرنے والے کھلے عام مقام پر کاروبار کریں

 

جانوروں کی خرید و فروخت کے سلسلہ میں رسید ضرور حاصل کرتے ہوئے ساتھ رکھیں اور کوئی تنقیح کی جاتی ہے تو وہ جانور کے خریدی کی رسید ضرور دکھلائیں۔ گاڑیوں میں جگہ کے مطابق ہی جانوروں کو منتقل کریں اوور لوڈ جانوروں کو نہ رکھیں۔کوئی بھی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں بلکہ پولیس کے ڈائیل 100نمبر پر اطلاع دیں اس کے علاوہ نظام آباد ضلع کے تمام مجلسی قائدین و کارپوریٹرس کو فون کے ذریعہ اطلاع دینے پر بروقت وہ مدد کیلئے مقام پر پہنچ جائیں گے۔

 

صدر ضلع مجلس نظام آباد محمد شکیل احمدفاضل کی موثر و کامیاب نمائندگی کو ملحوظ رکھتے ہوئے پولیس کمشنر مسٹر کلمیشور نے مثبت انداز میں رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہر طرح کی سیکوریٹی فراہم کرنے اور مدد و تعاون کرنے کا مجلسی وفد کو یقین دلایا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button