عادل آباد میں نوکریوں کے نام پر دھوکہ دہی کا بڑا ریاکٹ بے نقاب، تین گرفتار ۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی پریس کانفرنس
عادل آباد۔ 10/جنوری (اردو لیکس)عادل آباد ضلع میں پولیس نے نوکریوں کے نام پر بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے والے ایک بڑے ریاکٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس معاملہ میں مرکزی ملزم 45 سالہ جٹابوئین مدھو کرن کو گرفتار کر لیا گیا ہے،
جبکہ مجموعی طور پر پانچ افراد کے خلاف عادل آباد ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے تین کو گرفتار کر کے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے اور دو ملزمہ خواتین مفرور ہیں۔ہفتہ کے روز ضلع ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن آئی پی ایس نے عادل آباد ضلع مستقر کے اے ۔ار ۔پولیس ہیڈ کواٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں تفصیلات کا انکشاف کیا
۔ضلع ایس پی نے بتایا کہ ملزم مدھو کرن نے 2013 میں “اننت ای سولوشن” کے نام سے کمپنی قائم کی اور آؤٹ سورسنگ کے ذریعہ نوکریاں دلانے کا جھانسہ دینا شروع کیا۔ بعد ازاں 2023 میں اپنے ساتھیوں سجاتا ٹھاکر، نامّنی ستیش اور لاونیا کے ساتھ مل کر “ودھیادھان آرگنائزیشن” کے نام سے ایک این جی او رجسٹر کرایا
۔انہوں نے بتایا کہ ملزمین نے مرکزی حکومت کی ودھیانجلی 2.0 اسکیم اور سی ایس آر فنڈس کے نام پر جعلی اجازت ناموں کا دعویٰ کرتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں نوکریاں دلانے کا جھانسہ دیا۔
اس دوران عادل آباد، نرمل، آصف آباد، منچریال، متحدہ ورنگل اور کھمم اضلاع میں ایجنٹوں کے ذریعہ ہر امیدوار سے ایک لاکھ سے ڈھائی لاکھ روپے تک وصول کیے گئے اور جعلی تقرری احکامات بھی جاری کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اس ریاکٹ نے ریاست بھر میں تقریباً 240 سے زائد افراد کو دھوکہ دیا۔ کچھ متاثرین کو تین ماہ تک تنخواہیں دی گئی، بعد ازاں تنخواہیں بند ہونے پر متاثرین نے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں شکایات درج کروائیں
۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے موبائل فونز اور جعلی اپائنٹمنٹ آرڈرز ضبط کر لیے ہیں۔ اس کیس میں ملزمین کے معاون ایجنٹوں راہل، کووا وِٹل (بوتھ گورنمنٹ جونیئر کالج پرنسپل) اور ورلکشمی کے خلاف بھی مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کر کے پہلے ہی گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیجا جا چکا ہے۔ضلع ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نوکریوں کے نام پر رقم طلب کرنے والوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور ہوشیاری سے کام لیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری نوکریاں پیسوں سے نہیں بلکہ محنت اور امتحانات کے ذریعے حاصل ہوتی ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔اس کامیاب کارروائی پر ضلع ایس پی نے ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر بی سنیل کمار اور آئی ٹی کور آر ایس آئی بی گوپی کرشنا سمیت پولیس عملہ کو خصوصی طور پر مبارکباد دی
۔اس موقع پر ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر بی سنیل کمار، سب انسپکٹرز گوپی کرشنا، ناگناتھ، اشوک اور دیگر پولیس ملازمین موجود تھے۔



