کھمم میں 11 جنوری کو عظیم الشان جلسۂ عام، مولانا شیخ رضوان الدین معروفی کا خطاب
کھمم میں 11جنوری بروز اتوار کو ایک عظیم الشان جلسۂ عام کا انعقاد عمل میں آ رہا ہے، جس میں ملک کے مایہ ناز عالمِ دین، محدثِ کبیر اور خطیبِ بے مثال حضرت مولانا شیخ رضوان الدین معروفی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی تشریف آوری متوقع ہے۔
حافظ محمد جواد احمد، امام و خطیب مسجد زین العابدین مرکز کھمم نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ 11 جنوری بروز اتوار ضلع کھمم کے بونکل منڈل کے مشٹی کنٹہ گاؤں میں جدید تعمیر شدہ مسجد کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مسلم ایکیہ سنگم کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان جلسۂ عام منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ جلسہ مسجد سے متصل وسیع و عریض میدان میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ایکیہ سنگم تلنگانہ کے زیرِ اہتمام مسجد کی تعمیر مکمل کی گئی ہے، جس کے افتتاحی جلسہ سے حضرت مولانا شیخ رضوان الدین معروفی صاحب، شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم، اکل کوا، مہاراشٹرا بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب فرمائیں گے۔
اسی روز 11 جنوری بروز اتوار کو کھمم شہر کے مسجد نظام پیٹ میں بعد نمازِ مغرب ایک اور عظیم الشان جلسۂ عام بعنوان “اسلام کا انقلابی پیغام انسانیت کے نام اور اصلاحِ معاشرہ” منعقد ہوگا، جس میں حضرت مولانا کا کلیدی خطاب ہوگا۔
اس موقع پر مولانا شیخ مجاہد اشاعتی (صدر مسلم ایکیہ سنگم تلنگانہ)، شیخ حسین صاحب (نائب صدر مسلم ایکیہ سنگم تلنگانہ) اور حافظ محمد جواد احمد نے امتِ مسلمہ بالخصوص ضلع کھمم کے علما، حفاظ، ائمۂ مساجد اور دانشوران سے اپیل کی ہے کہ وہ ان دونوں پروگراموں میں کثیر تعداد میں مع احباب شرکت فرما کر حضرت مولانا کے خطابات سے استفادہ کریں۔



