جویلری شاپ بودھن میں زیورات کا سرقہ کرنے والی بین ریاستی ٹولی گرفتار (14) تولے سونا، (2) کلو چاندی برآمد وضبط۔ نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیا کی پریس صحافتی کانفرنس

جویلری شاپ بودھن میں زیورات کا سرقہ کرنے والی بین ریاستی ٹولی گرفتار
(14) تولے سونا، (2) کلو چاندی برآمد وضبط۔ نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیا کی پریس صحافتی کانفرنس
نظام آباد:12/جنوری (اردو لیکس) نظام آباد ضلع کے بودھن شہر میں جویلری شاپ کے شٹر کو توڑ کر سونے وچاندی کے زیورات کا سرقہ کرنے والی بین ریاستی ٹولی کے ارکان کو بودھن پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ سونے کے (14) تولے زیورات اور چاندی کے زیورات و اشیاء (2) کلو برآمد کیا گیا۔ اور آچن پلی سے سرقہ کی گئی موٹر سیکل جس کا نمبر TS16EY3765 اور گاڑی MH26CC8906کو ضبط کیا گیا۔ اس بات کا انکشاف نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے آج پولیس کانفرنس ہال میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے بتایاکہ گذشتہ ماہ 21/ڈسمبر 2025ء کی شب بین ریاستی سارقوں کی ٹولی جومہاراشٹرا ناندیڑ ضلع کے عمری گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں (4) رکنی ٹولی جس میں لکشمن سنگھ، پریم سنگھ، ساگر سنگھ اور محمد شیخ شامل ہے۔ موٹر سیکل پر آکر بودھن شہر میں سرکاری دواخانہ کے روبرو واقع جویلری شاپ کے شٹر کو توڑ کر (35) تولے سونے کے اور (14) کلو چاندی کے زیورات لوٹ کر اپنے گاؤں عمری فرار ہوگئے۔ اس سلسلے میں بودھن اے سی پی کی قیادت میں ایس ایچ او وینکٹ نارائن، ایس آئی منوج کمار، اے ایس آئی بابو راؤ اور اہلکار روی، مہیش، سائی کمار، اشوک نے تحقیقات کرتے ہوئے کامیابی سے سراغ لگایا اور ملزمین لکشمن سنگھ اور پریم سنگھ کو گرفتار کرتے ہوئے مسروقہ سونے و چاندی کے زیورات کو برآمد وضبط کیا
جبکہ دیگر دو ملزمین ساگر سنگھ و محمد شیخ مفرور ہے۔ پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے پولیس ٹیم کی ستائش کی۔ اس صحافتی کانفرنس میں ایس ایچ او بودھن وینکٹ نارائن، ایس آئی منوج کمار، اے ایس آئی بابو راؤ و دیگر موجود تھے۔



