جنرل نیوز

کریم نگر دارالخیر ویلفیئر سوسائٹی کے کمبل تقسیم پروگرام میں بین المذاہب یکجہتی کا مظاہرہ، چار اضلاع میں فلاحی مہم

کریم نگر دارالخیر ویلفیئر سوسائٹی کے کمبل تقسیم پروگرام میں بین المذاہب یکجہتی کا مظاہرہ، چار اضلاع میں فلاحی مہم

 

کریم نگر:14 جنوری 2025

 

کریمنگر میں آج دارالخیر ویلفیئر سوسائٹی کریمنگر کے زیرِ اہتمام منعقدہ کمبل تقسیم پروگرام میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک خوبصورت اور باوقار مثال دیکھنے کو ملی۔ اس پروگرام کے اسٹیج پر ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی برادری کے نمائندوں نے ایک ساتھ شرکت کی اور سماجی یکجہتی کا عملی پیغام دیا، جو ہماری مشترکہ تہذیبی روایت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالقُدوس نے اپنے خطاب میں کہا کہ “انیکتا میں ہی ایکتا” محض ایک نعرہ نہیں بلکہ صدیوں سے چلی آ رہی ہماری تہذیبی سوچ اور سماجی ذمہ داری کی بنیاد ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ خدمتِ خلق کسی ایک مذہب، طبقے یا فرقے تک محدود نہیں، بلکہ انسانیت کی بنیاد پر کی جاتی ہے،

 

اور یہی فکر ملک اور معاشرے کو مضبوط بناتی ہے۔ اسٹیج پر موجود مختلف مذاہب کے معززین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے فلاحی پروگرام معاشرے میں اعتماد، بھائی چارہ اور امن کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے دارالخیر ویلفیئر سوسائٹی کی مسلسل خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے تمام طبقات کو مل جل کر آگے آنا چاہیے

 

۔ یہ کمبل تقسیم مہم صرف کریمنگر تک محدود نہیں رہی بلکہ عادل آباد، پداپلی اور نظام آباد اضلاع میں بھی کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی، جہاں سرد موسم سے متاثرہ غریب، نادار اور بے سہارا افراد میں کمبل تقسیم کیے گئے۔ مختلف اضلاع میں مقامی سماجی کارکنان اور رضاکاروں نے اس مہم کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مستحقین نے اس امداد پر دارالخیر ویلفیئر سوسائٹی اور اس کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور اسے بین المذاہب اتحاد اور انسانی ہمدردی کی ایک روشن مثال قرار دیا۔

 

آخر میں منتظمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دارالخیر ویلفیئر سوسائٹی آئندہ بھی اسی جذبے اور وسعتِ نظر کے ساتھ فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گی، تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دیا جا سکے اور کریمنگر سمیت دیگر اضلاع میں محبت، بھائی چارہ اور سماجی ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ اس پروگرام میں محمد نجیب احمد، وسیع الدین، حافظ رضوان، کے علاوہ دیگر مذہبی شخصیات موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button