کریم نگر ضلع کے بلدی انتخابات کی تیاریوں پر کانگریس کا اہم اجلاس – مسلم قائدین نظر انداز

تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں کانگریس پارٹی کے اہم قایدین نے بلدی انتخابات کی تیاریوں کے لیے اجلاس منعقد کیا، جس میں مسلم قائدین کو شامل نہیں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ضلع انچارج وزیر ٹی ناگیشور راو نے کی،
جبکہ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، گورنمنٹ وہیپ آدی سرینواس، ایم ایل اے و صدر ضلع کانگریس کریم نگر ایم ستیم، ایم ایل اے مانا کنڈور ڈاکٹر کومپلی ستیہ نارائنہ، سوڈا چیرمین کمیٹی ریڈی نریندر ریڈی، حلقہ اسمبلی انچارج کریم نگر ویلیچالا راجندر راو اور کارپوریشن کریم نگر انچارج انجن کمار بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق مسلم قائدین کو جان بوجھ کر اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا، جس سے ضلع کریم نگر میں مسلم کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سرکردہ پارٹی قایدین اجلاس میں اپنے اپنے ڈویژن میں پارٹی امیدوار بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کئے
کانگریس پارٹی کے کارکنان نے بتایا کہ مسلم نمائندگی کے مسئلے پر واضح حکمت عملی نہ ہونے کے سبب پارٹی کے مسلم ووٹرس میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی مسلم قائدین کی غیر موجودگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلم قائدین کو شامل نہ کرنے سے پارٹی کو مسلم کمیونٹی کا اعتماد بحال کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، خاص طور پر بلدیاتی انتخابات کے دوران۔
کیونکہ کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے نصف ڈیویژنس میں مسلم ووٹرس فیصلہ کن موقف رکھتے ہیں اس کے علاوہ ضلع کی تمام بلدیات میں مسلم ووٹرس کی تعداد قابل لحاظ ہے ایسے میں مسلم قایدین کو نظر انداز کرنا کانگریس کے لئے دشوار کن ثابت ہوسکتا ہے



