کائنات کا وجود اور اس کا بقا دونوں محمد عربیﷺ کے صدقے میں ہے : مولانا حلیم اللہ قاسمی

کائنات کا وجود اور اس کا بقا دونوں محمد عربیﷺ کے صدقے میں ہے : مولانا حلیم اللہ قاسمی
جامعہ اسرار العلوم واسی ناکہ ممبئی میں محسن انسانیت ﷺ و جلسہ دستار بندی کا گیارہواں اجلاس
ممبئی 2؍فروری محمدﷺ کی ذات گرامی محسن کاءنات ہے، اس کاءنات کا وجود و بقا دونوں آپﷺ کی ذات سے جڑا ہوا ہے ، آپ ہی کے صدقے یہ کائنات بنی، جب تک آپ کا ذکر موجود ہے کاءنات رہے گی۔ دنیا کی ساری چیزوں پر آپﷺ کا احسان ہے ۔
نبی نے کاءنات کی ہر چیز پر جو انقلاب برپا کیا ہے ان میں سب سے بڑا یہ ہے کہ آپ نے طبقاتی،خاندانی اور قبائلی عصبیت،کشمکش اور اونچ نیچ کو ختم کیا۔اور صحابہ کے درمیان ایسی اخوت و محبت پیدا کیا کہ وہ ایک مثالی زمانہ بن گیا۔ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے جامعہ اسرار العلوم نیو بھارت نگر، واسی ناکہ ،چمبورممبئی کے گیارہویں یک روزہ عظیم الشان اجلاس عام بعنوان محسن انسانیت ﷺ و جلسہ دستار بندی حفاظ کرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مقرر خصوصی مولانا حلیم اللہ قاسمی نے فرمایا کہ اللہ نے خاندان قبیلہ ذات برادری صرف پہچان کے لیے بنایا ہے اور اللہ تعالیٰ کے یہاں سب سے عزت والے وہ ہیں جو سب سے بڑے متقی ہیں۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی اور موجود علماء کرام کے ہاتھوں محمد سراج ، محمد حارث ،اور سمیع اللہ سلمہم کی دستاربندی ہوءی۔
مفتی ظفر المبین (امام و خطیب زکریا مسجد دھاراوی،ممبئی)نے محسن انسانیت کے ضمن میں سیرتِ نبوی پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ہم پر تین بنیادی حق ہے ۔محبت ،عظمت اوراطاعت ۔اللہ کے نبی آخر الزماں ﷺجامع کمالات ہیں ، اسی ذات پر قرآن کریم نازل ہوا ، نبی کا ارشاد ہے کہ مجھ کو معلم بنا کر بھیجا گیا ہے۔اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام کی حفاظت کے لیے اپنے مخصوص بندوں کومنتخب کرتا ہے ۔قرآن کو مضبوطی سے تھام لو اسی میں کامیابی ہے۔قرآن کو پڑھا جائے اور اس کی تعلیمات پر عمل کریں اور علماء سے جڑ کر اس کی تعلیم سے آگاہ ہوں۔
مولانا محمدزاہدقاسمی (نائب مہتمم معراج العلوم چیتا کیمپ) نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو بیش بہا نعمت سے نوازا ہے جن کو ہم اور آپ کو شمار نہیں کرسکتے ،ہمیں چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کی کوشش کریں ، اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری کے ساتھ زندگی گزاریں۔ اور اللہ سے ڈر کر زندگی گزاریں اس لئے کہ وہ اپنے بندوں کے تمام کاموں سے واقف ہے۔
مفتی محمد اشفاق قاسمی (استاذ حدیث دارالعلوم امدادیہ ممبئی)نے سیرتِ طیبہ اور قرآن مجید کی عظمت پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر اس دنیا میں کوئی نہیں ہے ،آپ نے کفر و شرک کے دلدل میں پھنسی انسانیت کو نکال کر ایک پروردگار کی عبادت کی دعوت دی ، ان کے علاوہ بھی علماء کرام نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
اجلاس کی نظامت مولانا شاہ امان اللہ ندوی نے کیاور تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس اجلاس میں جامعہ کے طلباء نے بھی مختلف موضوعات پر تقاریر پیش کیں،جس سے سامعین محظوظ ہوئے۔جامعہ کے بانی و مہتمم جناب بقاء اللہ انصاری و نائب مہتمم الحاج اسماعیل شیخ کی حسن کارکردگی اور اساتذہ کی محنت و لگن کے ساتھ طلبہ کی بہترین تربیت کی سراہنا کی ۔
اجلاس میں شہر ممبئی کی مختلف تنظیموں،مدارس کے ذمہ داران ،علماء و ائمہ کے علاوہ مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔



