تبلیغِ دین میں حکمت و ادب کا اسلوب وقت کی اہم ضرورت ہےجلسہ شب برات سے:مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری،کا خطاب
تبلیغِ دین میں حکمت و ادب کا اسلوب وقت کی اہم ضرورت ہےجلسہ شب برات سے:مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری،کا خطاب
حیدرآباد 4فروری (پریس ریلیز )خطیب و امام مسجد تلنگانہ تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے شہر کے مختلف مقامات پر منعقدہ جلسۂ شبِ برات سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ دینِ اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں سختی کے بجائے حکمت، نرمی اور ادبی اسلوب اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شبِ برات سے متعلق جو اصلاحی و تربیتی کتاب مرتب کی گئی ہے، اس کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ عوام الناس کے دلوں میں نرمی، خوفِ خدا اور اصلاحِ باطن کا جذبہ بیدار کیا جائے۔مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ شبِ برات محض ایک رسم نہیں بلکہ محاسبۂ نفس، توبہ و استغفار اور آئندہ زندگی کو بہتر رخ دینے کا سنہرا موقع ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جس طرح نیا سال اپنی آمد کے ساتھ نئی امیدیں اور نئے عزم لے کر آتا ہے، اسی طرح شبِ برات انسان کو روحانی طور پر ایک نئے سال کا آغاز کرنے کا پیغام دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحِ معاشرہ کے لیے وعظ و نصیحت میں شائستگی، محبت اور علمی انداز اختیار کیا جائے تاکہ بات دلوں تک پہنچے اور عمل میں ڈھل سکے۔ مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا قادری نے نوجوانوں کو خاص طور پر نصیحت کی کہ وہ شبِ برات کی رات کو عبادت، دعا اور اپنے مستقبل کو سنوارنے کے عزم کے ساتھ گزاریں اور فضولیات سے اجتناب کریں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت رات کے صدقے ہم سب کو اپنی اصلاح کرنے، نیا سال نیکیوں اور بھلائیوں کے ساتھ شروع کرنے اور دین و ملت کی صحیح خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔



