نیشنل

پی ایف آئی پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی: جماعت اسلامی

حیدرآباد۔ 28 ستمبر (پریس نوٹ) جماعت اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی کی مخالفت کی ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ تنظیم پر پابندی مسئلہ کا حل نہیں

ہے اور نہ ہی یہ جمہوری معاشرے میں موزوں ہے۔ سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ پابندی عائد کرنے کا کلچر خود دستور میں دیئے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان تنظیموں، ان کی پالیسیوں اور بیان بازی سے اختلاف ہوسکتا ہے۔ ہم نے بھی ہمیشہ ان کی مخالفت کی ہے لیکن تنظیم پر پابندی عائد کرنے اور کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ یہ پولیس اور انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ نظم و قانون کو برقرار رکھے۔ اگر کوئی فرد قانون شکنی کرتا ہے یا جرم کا ارتکاب کرتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ عدالتیں ان کے خلاف الزامات کے بارے میں فیصلہ کریں گی اور ملزمین کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا موقع حاصل رہے گا۔ تاہم معمولی وجوہات پر مکمل تنظیم پر پابندی عائد کرنا غیرمنصفانہ اور غیرجمہوری ہے۔

یہ پابندی امتیاز پر مبنی اور جانبدارانہ معلوم ہوتی ہے۔ اس سے حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد میں کمی پیدا ہوگی اور ملک کو غلط پیغام جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پابندی جلد سے جلد برخاست کی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button