حیدرآباد کے جوبلی ہلز میں بھیانگ آگ — دیکھتے ہی دیکھتے کپڑوں کا شوروم راکھ میں تبدیل
حیدرآباد کے جوبلی ہلز میں زبردست آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ روڈ نمبر 36 پر واقع منگلا گوری کپڑوں کے شوروم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ شعلے بلند ہونے کے ساتھ پورا علاقہ گھنے دھویں سے بھر گیا اور آگ قریبی عمارتوں تک پھیلنے لگی۔
اطلاع ملتے ہی فائر انجن عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دکان کے سامنے نصب مندر کے سیٹ میں برقی کے شارٹ سرکٹ کے باعث چنگاری اٹھی جس سے آگ لگ گئی۔ صبح شوروم کھولنے کے دوران اچانک چنگاریاں نکلیں اور مندر کا سیٹ جل اٹھا، جو مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔ آگ بعد ازاں شوروم کے اندر پھیل گئی اور کپڑے جلنے لگے۔
عمارت مکمل طور پر آگ اور گھنے دھویں کی لپیٹ میں ہے۔ شعلے تیزی سے بلند ہونے کے باعث سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں کو روک دیا گیا۔ فی الحال تمام عملہ باہر محفوظ ہے اور پولیس کے مطابق عمارت کے اندر کوئی موجود نہیں ہے۔



