جرائم و حادثات

تلنگانہ کے عادل آباد کے پپل کوٹی گاؤں میں مندر کی مورتی کی بے حرمتی، ذہنی معذور شخص پولیس تحویل میں

عادل آباد کے پپل کوٹی گاؤں میں مندر کی مورتی کی بے حرمتی، ذہنی معذور شخص پولیس تحویل میں

 

بھیم پور پولیس کی فوری کارروائی، عوام کو افواہوں سے گریز اور صبر و تحمل اختیار کرنے کی اپیل

 

عادل آباد/بھیم پور، 3 مارچ (اردو لیکس) عادل آباد کے بھیم پور منڈل کے پپل کوٹی گاؤں میں گذشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پیدمما تلی مندر میں نصب مورتی کو نقصان پہنچایا گیا۔ دیہاتیوں کے مطابق پیر کی صبح تقریباً 10:30 بجے ایک شخص نے مورتی کو زمین پر گرا کر اس کے دونوں ہاتھ توڑ دیے، جس کے بعد علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

اطلاع ملتے ہی بھیم پور پولیس اسٹیشن کے ایس آئی وکرم فوری طور پر مقامِ وقوعہ پہنچے اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے تفتیش کا آغاز کیا۔ مقامی افراد کے بیانات اور ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر ملزم کی شناخت پٹلہ چرنجیوی ولد اشوک کے طور پر کی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ پانچ برسوں سے ذہنی عارضہ میں مبتلا ہے اور علاج کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پیر کے روز مذکورہ شخص کو مندر کے احاطہ سے باہر آتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

سرکل انسپکٹر جی شراوَن (جینھ) نے بتایا کہ ملزم کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔ کسی بھی شکایت یا اطلاع کی صورت میں پولیس سے فوری رابطہ کرنے کا مشورہ دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button