حیدرآباد میں سڑا ہوا گوشت فریز کرکے فروخت کرنے کا پردہ فاش۔ ملزم گرفتار

حیدرآباد: حیدرآباد میں منگل ہاٹ پولیس نے غیر صحت بخش اور طویل عرصے تک ذخیرہ کیا گیا گوشت فروخت کرنے کے معاملے کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم تازہ اور صاف گوشت کے نام پر باسی اور خراب گوشت فروخت کر کے معصوم صارفین کو دھوکہ دے رہا تھا۔
پولیس کو موصولہ باوثوق ذرائع کی اطلاع کی بنیاد پر منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن کی ٹیم، ٹاسک فورس گولکنڈہ زون اور جی ایچ ایم سی حکام نے مشترکہ طور پر یہ کاروائی انجام دی۔ اس دوران محمد افروز عرف افروز (41 سال) کو گرفتار کیا گیا جو “A to Z Sheep & Goat Offals” نام سے بھیڑ اور بکرے کے گوشت کا کاروبار کررہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم پہلے بھی اسی نوعیت کے جرم میں ملوث رہ چکا ہے اور اس پر جی ایچ ایم سی حکام کی جانب سے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ دھاوے کے دوران تقریباً 300 کلوگرام بکرے اور بھیڑ کے سڑے ہوئے گوشت کے علاوہ دیگر اشیاء کو (Offals) برآمد کر کے ضبط کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم غیر قانونی منافع حاصل کرنے کے لیے کرناٹک، دہلی اور جموں و کشمیر سمیت مختلف ریاستوں سے کم قیمت پر بڑی مقدار میں بکرے اور بھیڑ کا گوشت خریدتا تھا۔ بعد ازاں وہ اس گوشت کو لمبے عرصے تک ڈیپ فریزر اور پانی سے بھرے پلاسٹک ٹبوں میں محفوظ رکھتا تھا تاکہ
سڑنے کے عمل کو سست کیا جا سکے اور بدبو کو دبایا جا سکے۔اس کے بعد وہ اسی پرانے اور غیر صحت بخش گوشت کو گاہکوں کو تازہ اور صاف گوشت بتا کر فروخت کرتا تھا۔ اس طریقے سے ملزم نہ صرف معصوم گاہکوں کو دھوکہ دے رہا تھا بلکہ عوامی صحت کو بھی شدید خطرے میں ڈال رہا تھا۔
کارروائی کے دوران جی ایچ ایم سی اور فوڈ ایڈلٹریشن ٹیم نے مقام کا معائنہ کیا جہاں انتہائی غیر صحت بخش حالات میں گوشت ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ضبط شدہ تقریباً 300 کلوگرام سڑا ہوا گوشت جی ایچ ایم سی حکام نے مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف کرنے کے لیے اپنے قبضے میں لے لیا۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مجاز یا غیر صحت بخش مقامات سے گوشت یا دیگر غذائی اشیاء خریدنے سے گریز کریں اور اگر کہیں ایسی غیر قانونی سرگرمیاں نظر آئیں تو فوراً پولیس یا متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔



