چارمینار کے پاس چھوٹے تاجروں سے ” معمول” کی وصولی ۔ گنا نصیر گرفتار

حیدرآباد۔چارمینار پولیس نے تاریخیچارمینار کے علاقے میں ٹھیلہ بنڈی لگانے والوں اور چھوٹے تاجروں سے غیر قانونی طور پر معمول کی رقم وصول کرنے والے گروہ کے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ کیس ایک کاسمیٹکس فروخت کرنے والے چھوٹے تاجر کی شکایت پر درج کیا گیا جس میں اس نے الزام لگایا کہ اسے چارمینار کے قریب اپنا کاروبار کرنے کے لیے روزانہ “معمول” کے نام پر رقم دینے کے لیے دھمکایا جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق شیخ نصیر الدین عرف محمد نصیر الدین عرف گنّا نصیر عمر 72 سال، پیشہ جوس کا کاروبار، ساکن جہانگیر نگر، بھوانی نگر، حیدرآباد اور ملزم نمبر 2 محمد اذان قادری عرف توفیق عمر 42 سال ساکن یاقوت پورہ، حیدرآباد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم نمبر 3اظہر (مفرور) بتایا گیا ہے۔
ملزمین کو 12 مارچ کو مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر رومان ہوٹل، مرچووک کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھی ملزم اظہر (مفرور) کے ساتھ مل کر چارمینار کے اطراف کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجروں سے غیر قانونی معمول وصول کر رہے تھے۔
ابتدائی طور پر یہ افراد روزانہ 500 روپے وصول کرتے تھے بعد میں اس رقم کو بڑھا کر 1000 روپے روزانہ کر دیا گیا۔ اگر کوئی دکاندار رقم دینے سے انکار کرتا تو ملزمین اسے سنگین نتائج کی دھمکی دیتے چاقو دکھا کر ڈراتے اور کاروبار کی جگہ خالی کرنے کا حکم دیتے تھے۔
دونوں ملزمین کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
مزید تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ شیخ نصیر الدین عرف گنّا نصیر بھوانی نگر پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر ہے اور اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ، آرمز ایکٹ، گیمنگ ایکٹ، معمول کی ہوش لی اور اقدامِ قتل سمیت کئی فوجداری مقدمات درج ہیں جو اس کے طویل مجرمانہ پس منظر کو ظاہر کرتے ہیں۔
پولیس نے چارمینار کے اطراف کاروبار کرنے والے تمام چھوٹے تاجروں اور شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے غیر قانونی بھتہ یا معمول کے مطالبات کے سامنے ہرگز نہ جھکیں۔ اگر کوئی شخص غیر قانونی رقم وصول کرنے کی کوشش کرے یا دھمکائے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔یہ کاروائی ٹی وی9 تلگو نیوز چینل پر”چارمینار کے پاس نصیر گینگ کی غنڈہ گردی” کے زیر عنوان نشر خبر کی بنا پر کی گئی۔



