جنرل نیوز

رمضان المبارک کے پیش نظر اوٹکور میں صفائی کے خصوصی انتظامات، سرپنچ رینو کا بھارت کی جانب سے پانچ مساجد میں افطار کا اہتمام

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے پیش نظر اوٹکور مستقر میں صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اوٹکور کی سرپنچ محترمہ رینو کا بھارت کی نگرانی میں گاؤں کے مختلف علاقوں میں صفائی مہم چلائی گئی تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر سرپنچ رینو کا بھارت کی جانب سے اوٹکور مستقر کی پانچ مساجد میں روزہ داروں کے لیے افطار پارٹی کا خصوصی نظم کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں روزہ داروں نے شرکت کرتے ہوئے افطار کیا۔ اس اقدام کو مقامی مسلمانوں اور عوام کی جانب سے سراہا گیا اور اسے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ایک بہترین مثال قرار دیا گیا۔

رمضان المبارک کے دوران نمازیوں اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مساجد کے اطراف میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے اور اطراف کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھا گیا۔ اس کے علاوہ اوٹکور چیک پوسٹ سے عیدگاہ شاہی تک جانے والے راستے پر مرم ڈال کر سڑک کو ہموار کیا گیا تاکہ نمازیوں اور عوام کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

اس موقع پر سابق سرپنچ بھاسکر، رمیش، محمد عامر (سینیئر قائد بی جے پی) اور دیگر معززین و عوام موجود تھے۔ اوٹکور کے عوام نے سرپنچ رینو کا بھارت کی ان عوامی خدمات اور رمضان المبارک کے موقع پر کیے گئے انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح عوامی فلاح و بہبود کے کام جاری رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button