انٹر نیشنل

ریاض کے قریب المناک واقعہ — فوجی پروجیکٹائل کمپنی پر آگرا -ایک ہندوستانی اور ایک بنگلہ دیشی ہلاک ؛ 12 دیگر زخمی

ریاض کے قریب الخرج کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک فوجی گولہ ایک خانگی مینٹیننس اور صفائی کرنے والی کمپنی کی عمارت پر آ گرا۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق اس واقعہ میں ایک ہندوستانی شہری اور ایک بنگلہ دیشی شہری ہلاک ہو گئے جبکہ کم از کم 12 بنگلہ دیشی کارکن زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہاسپٹلس میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

 

سعودی حکام کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور ریسکیو کارروائیاں شروع کی گئیں۔ متاثرہ عمارت میں کام کرنے والے زیادہ تر افراد غیر ملکی مزدور تھے جو صفائی اور دیکھ بھال کے کاموں میں مصروف تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا اور اطراف کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ فوجی گولہ قریبی علاقے میں جاری کسی فوجی سرگرمی یا میزائل حملے کے نتیجے میں وہاں آ گرا، تاہم حکام اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں کہ گولہ کس سمت سے آیا اور اس کے گرنے کی اصل وجہ کیا تھی۔

 

سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا ہے اور مزید کسی خطرے کی اطلاع نہیں ہے۔ حکام نے متاثرہ کمپنی کے دیگر کارکنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جبکہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

 

ادھر ہندوستان اور بنگلہ دیش کے سفارتی ذرائع بھی واقعہ پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے شہریوں کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ کے بعض علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے اثرات خطے کے مختلف ممالک میں بھی محسوس کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button