جرائم و حادثات

رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتاری: عادل آباد میں فاریسٹ افسر اور جونیئر اسسٹنٹ اے سی بی کے شکنجے میں

عادل آباد۔ 9/اپریل (اردو لیکس)ضلع عادل آباد میں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے رشوت خوری کے ایک اہم معاملہ میں کارروائی کرتے ہوئے فاریسٹ رینج آفیسر اور جونیئر اسسٹنٹ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

 

تفصیلات کے مطابق، فاریسٹ رینج آفیسر سری ٹی پرانے (بوتھ رینج) کو اے سی بی عادل آباد یونٹ نے اُس وقت دھر لیا جب وہ اپنے جونیئر اسسٹنٹ سری ایس پرشورام کے ذریعے 15 ہزار روپے رشوت طلب کرتے ہوئے وصول کر رہے تھے۔ یہ رقم ایک شکایت کنندہ سے سرکاری فائدہ پہنچانے کے عوض مانگی گئی تھی۔

 

ذرائع کے مطابق، ایم جی این آر ای جی ایس اسکیم کے تحت ہریتھا ہرم پروجیکٹ میں پانی کی فراہمی کے سلسلہ میں 5 لاکھ 9 ہزار روپے کے زیر التواء چیک کی اجرائی کے لیے رشوت طلب کی گئی تھی۔ اے سی بی حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے داغدار رقم جونیئر اسسٹنٹ کے قبضہ سے برآمد کر لی۔

 

اے سی بی کے ڈی ایس پی نے بتایا کہ دونوں ملزمین نے اپنے سرکاری عہدوں کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بددیانتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے بعد دونوں کو تحویل میں لے کر باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا اور انہیں خصوصی جج برائے اے سی بی مقدمات، کریم نگر کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

 

حکام نے سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر شکایت کنندہ کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ اے سی بی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی سرکاری ملازم کی جانب سے رشوت طلب کیے جانے کی صورت میں فوری طور پر ٹول فری نمبر 1064 یا واٹس ایپ نمبر 9440446106 پر اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button