جرائم و حادثات
سیل فون ڈرائیونگ۔ حیدرآباد میں 6 ہزار افراد کے خلاف کاروائی

حیدرآباد: گاڑیاں چلاتے وقت موبائل فون کے استعمال سے ہونے والے حادثات کو روکنے کے لیے حیدرآباد ٹریفک پولیس نے اس ماہ کی 3 تاریخ سے 9 تاریخ تک خصوصی تلاشی مہم چلائی۔
پولیس نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ڈرائیونگ کے دوران توجہ میں کمی کی وجہ سے ہونے والے حادثات کو روکنا اور ڈرائیوروں میں نظم و ضبط پیدا کرنا ہے۔اس ایک ہفتے کے دوران کی گئی چیکنگ میں یہ بات سامنے آئی
کہ 6,046 افراد نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کر کے قوانین کی خلاف ورزی کی۔ ان سب کے خلاف کیس درج کیے گئے۔ ان میں 5,810 موٹر سائیکل سوار، 51 تین پہیہ گاڑیوں کے ڈرائیور اور 185 کاروں
اور دیگر گاڑیوں کے ڈرائیور شامل ہیں۔پولیس نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چالان دائر کیے جائیں گے، انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا اور قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں گے۔



