جناب سید سجاد علی رضوی صاحب، بانی و کمپائلر ماہنامہ تبسم حیدرآباد کا انتقال

حیدرآباد: 19 اپریل (راست)جناب سید اسماعیل غوری صاحب، نگران تبسم ادبی معمہ حیدرآباد کی اطلاع کے مطابق، ماہنامہ تبسم ادبی معمہ حیدرآباد کے بانی و کمپائلر، جناب سید سجاد علی رضوی صاحب، ولدِ سید چراغ علی، بعمر 91 سال ساکن ایم جے اپارٹمنٹ، برکت پورہ چمن حیدرآباد آج صبح انتقال کرگئے۔
ان کی روح آج صبح تقریباً 7 بجے قفسِ عنصری سے پرواز کرگئی۔ نمازِ جنازہ و تدفین آج بعد نمازِ ظہر دوپہر ایک بجے دائرۂ حضرت میر مومن قبلہ میں عمل میں آئی۔پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک دختر شامل ہے۔ مرحوم کے والد، جناب سید چراغ علی صاحب مرحوم شہر حیدرآباد کے ایک مایہ ناز شاعر تھے۔انتقال کی خبر سے ادارۂ تبسم سے وابستہ ذمہ داران ایڈیٹر تبسم محترمہ قمر کلثوم صاحبہ، نگران کار جناب سید اسماعیل غوری صاحب اور
انچارج ایڈیٹر محترمہ شاہدہ غوری صاحبہ، صدمہ و رنج و الم میں مبتلا ہوگئے ہیں۔جناب سید سجاد علی رضوی صاحب کے انتقال سے ماہنامہ تبسم حیدرآباد کی 71 سالہ رفاقت کا اختتام ہوگیا۔ تبسم ادبی معمہ کے ممتاز کمپائلر، جناب سجاد رضوی صاحب کے انتقال پُرملال کی خبر نے ادبی حلقوں کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کردیا ہے۔
ان کی شخصیت میں انکساری، خلوص اور محبت نمایاں تھی۔ ان کے انتقال سے نہ صرف ایک فرد بلکہ ایک عہد کے خاتمے کا احساس ہوتا ہے۔ معمہ کی دنیا کا ایک روشن آفتاب آج غروب ہوگیا، جو نہ صرف تبسم ادبی معمہ کے شائقین بلکہ پورے ہندوستان کے معمہ کے شائقین کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے اور پسماندگان و ادارۂ تبسم کے تمام ذمہ داران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔مزید تفصیلات کے لیے ان نمبرات
9704011032
9848426717پر رابطہ کیا جاسکتا ہے



