این آر آئی

مدینہ منورہ سے نیٹ امیدواروں کے لیے ایم ایس کےچیئرمین محمد لطیف خان کا خصوصی پیغام

مدینہ منورہ (سعودی عرب): ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیئرمین محمد لطیف خان نے مدینہ منورہ کی مقدس سرزمین سے نیٹ (NEET) امتحان کی تیاری کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے ایک خصوصی، روح پرور اور حوصلہ افزا پیغام جاری کیا۔ اس پیغام میں انہوں نے امتحانات کے دوران ذہنی سکون، روحانی تیاری، والدین کی دعاؤں اور اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

 

محمد لطیف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیٹ جیسے مسابقتی امتحانات صرف کتابی علم یا تعلیمی تیاری کا نام نہیں بلکہ یہ مضبوط ذہنی کیفیت، خود اعتمادی اور مثبت سوچ کا امتحان بھی ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ امتحان کو خوف یا دباؤ کی نگاہ سے دیکھنے کے بجائے اسے ایک موقع سمجھیں، کیونکہ محنت اور دعا کے ساتھ کامیابی ممکن ہے۔

 

انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ امتحان سے پہلے اپنی نیت کو خالص کریں اور اس بات کا عزم کریں کہ وہ ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کریں گے۔ ان کے مطابق جب مقصد اللہ کی رضا اور مخلوق کی خدمت ہو تو انسان کے لیے راستے آسان ہو جاتے ہیں۔چیئرمین محمد لطیف خان نے طلبہ کو صدقہ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان سے قبل صدقہ کرنا اللہ تعالیٰ کی رحمت اور برکت کو متوجہ کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے والدین، خاندان کے بزرگوں اور اساتذہ کی خدمت کرنے اور ان کی دعائیں لینے کی نصیحت کی، کیونکہ ان کی دعائیں انسان کے لیے کامیابی کے دروازے کھول سکتی ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امتحان کے دوران گھبراہٹ، ذہنی دباؤ یا پریشانی محسوس ہو تو طلبہ کو چاہیے کہ چند لمحوں کے لیے توقف کریں، تین گہری سانسیں لیں اور درود شریف پڑھیں۔ ان کے مطابق اس عمل سے ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے، توجہ بحال ہوتی ہے اور یادداشت بہتر انداز میں کام کرتی ہے۔محمد لطیف خان نے اپنے 35 سالہ تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اکثر طلبہ اچھی تیاری کے باوجود صرف ذہنی دباؤ اور خوف کی وجہ سے امتحان میں اپنی بہترین کارکردگی نہیں دکھا پاتے۔ اس لیے ضروری ہے کہ طلبہ اپنی تیاری پر اعتماد رکھیں اور امتحان کے دوران پرسکون رہیں۔

 

انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ جو محنت انہوں نے کی ہے وہ کافی ہے، اور امتحان میں انہی موضوعات سے سوالات آئیں گے جن کی تیاری وہ پہلے ہی کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی صرف ذہانت کا نہیں بلکہ اعتماد، دعا، نیت اور روحانی مضبوطی کا مجموعہ ہے۔مدینہ منورہ سے ویڈیو کے ذریعہ جاری کیا گیا یہ خصوصی پیغام نیٹ امیدواروں کے لیے نہ صرف حوصلہ افزا ثابت ہو رہا ہے بلکہ انہیں روحانی اور ذہنی طور پر مضبوطی فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بن رہا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button