سعودی عرب میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی – 10,783 افراد گرفتار، 11,915 ملک بدر

ریاض: سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف سکیورٹی حکام نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 12 سے 18 نومبر کے درمیان ایک ہفتے میں 10,783 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ 11,915 افراد کو ملک بدر کردیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ نے ہفتہ کے روز یہ تفصیلات جاری کیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار افراد میں 5,718 اقامتی قوانین، 2,797 سرحدی سلامتی قوانین اور 2,268 لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 23,250 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے ممالک کے سفارت خانوں سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ 10,814 افراد کی وطن واپسی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔
حکام نے غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 1,373 افراد اور ملک سے غیر قانونی طور پر باہر جانے کی کوشش کرنے والے 28 افراد کو بھی گرفتار کیا۔ غیر قانونی مقیمین کو نقل و حمل، رہائش اور روزگار فراہم کرنے کے الزام میں 14 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ فی الحال 40,941 غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 38,730 مرد اور 2,211 خواتین شامل ہیں۔
وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو سعودی عرب میں داخل کرانے، انہیں پناہ دینے یا کسی بھی طرح مدد فراہم کرنے والوں کو 15 سال تک قید اور 10 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ اس جرم میں استعمال ہونے والی گاڑیاں اور رہائش فراہم کرنے والے مکانات بھی ضبط کئے جاسکتے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر قانونی مقیمین سے متعلق معلومات مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں 911، جبکہ دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر فراہم کریں۔



