نیٹ امتحان منسوخ ہونے پر طالب علم کی خودکشی

نئی دہلی: نیٹ یوجی 2026 کے پیپر لیک معاملے نے ملک بھر میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ پرچہ کے افشاء کی وجہ سے امتحان منسوخ ہونے پر طلبہ کی خودکشی کے واقعات تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ تازہ واقعے میں راجستھان میں ایک
طالب علم نے خودکشی کرلی۔ اس کے باپ نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے نے بتایا تھا کہ اسے امتحان میں 650 نمبر آنے کی امید تھی۔ ضلع جھن جھن سے تعلق رکھنے والا پردیپ ماہیچ اپنے دو بھائیوں کے ساتھ سیکر میں
رہتا تھا۔ وہیں اس نے نیٹ امتحان کی تیاری کے لیے ایک خانگی انسٹی ٹیوٹ میں کوچنگ حاصل کی تھی۔ اس نے 3 مئی کو منعقد ہونے والا نیٹ یو جی امتحان دیا تھا تاہم جمعہ کی دوپہر اس نے اپنے کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کر
لی۔اس کی بہن نے فوراً یہ دیکھ کر مقامی لوگوں کی مدد سے اسے قریبی اسپتال منتقل کیا مگر ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ پہلے ہی فوت ہو چکا تھا۔ پردیپ کے والد کے مطابق ان کے بیٹے نے کہا تھا کہ اس نے امتحان بہت اچھا دیا ہے
اور اسے 650 نمبر آنے کی امید تھی۔ وہ پورے یقین کے ساتھ کہتا تھا کہ اس سال اسے سرکاری میڈیکل سیٹ ضرور ملے گی۔ باپ نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امتحان منسوخ ہونے کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ میں آ گیا تھا اور اسی وجہ سے اس نے خودکشی کر لی۔



