جنرل نیوز

عادل آباد میں کانگریس کا بڑا فیصلہ، خضر پاشاہ ٹاؤن صدر منتخب

کانگریس کے وعدوں کی تکمیل کیلئے موثر نمائندگی کرنے کا عزم ۔ کانگریس قیادت سے اظہار تشکر ۔ خضر پاشاہ

عادل آباد۔20/مئی(اردو لیکس)عادل آباد کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک کم عمر مسلم اقلیتی قائد “خضر پاشاہ” کو کانگریس پارٹی نے عادل آباد ٹاؤن کانگریس صدر منتخب کرکے نئی روایت قائم کی ہے۔ اس سلسلہ میں مہیش کمار گوڑ نے باضابطہ طور پر تقرری کا حکمنامہ جاری کیا۔ خضر پاشاہ کی اس اہم ذمہ داری پر تقرری کے بعد عادل آباد کے مسلمانوں میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ کانگریس پارٹی کے مختلف حلقوں کی جانب سے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جارہا ہے۔

 

خضر پاشاہ کو ایک درد مند، متحرک اور عوامی مسائل سے قریب رہنے والے نوجوان قائد کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جو ہر مشکل گھڑی میں بلا لحاظ مذہب و ملت تمام طبقات کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ ان کی تقرری کے بعد دوست و احباب، چاہنے والوں اور کانگریس قائدین کی جانب سے شال پوشی اور گلپوشی کے ذریعہ مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاسی حلقوں میں امید ظاہر کی جارہی ہے کہ خضر پاشاہ اپنی بہتر حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعہ بکھرے ہوئے مسلم قائدین کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 

ساتھ ہی یہ توقع بھی کی جارہی ہے کہ کانگریس حکومت نے اسمبلی انتخابات کے دوران مسلمانوں اور دیگر طبقات سے جو وعدے کئے تھے، ان کی تکمیل کیلئے خضر پاشاہ اعلیٰ قیادت کے سامنے موثر نمائندگی کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے اور اپنے دورِ صدارت کو تاریخی بنانے کی کوشش کریں گے۔

 

اس موقع پر خضر پاشاہ نے انہیں ٹاؤن صدر منتخب کرتے ہوئے اہم ذمہ داری سونپنے پر راہول گاندھی، ملکارجن کھرگے، مہیش کمار گوڑ، ریونت ریڈی، میناکشی نٹراجن، شبیر علی، سدرشن ریڈی،ریاستی وزیر اظہر الدین، انچارج وزیر جو پلی کرشنا راو، فہیم قریشی، طاہر بن حمدان،وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی، ڈی سی سی صدر نریش جادھو،حلقہ انچارج کندی سرینواس ریڈی،زرعی مارکیٹ کمیٹی چیرمین بی سریکانت ریڈی، مارکیٹ کمیٹی وائس چیرمین تنویر ، سنجیو ریڈی، جی سجاتا، ساجد خان، سابق وائس چیرمین ظہیر رمضانی،شیخ مجاہد المعروف پتی مجو، سابق ڈی سی سی چیرمین اڈی بھوجا ریڈی، سابق ایم پی سویم باپو راو، بی گوردھن ریڈی، سابق ٹاون صدر ناگیش سمیت تمام کونسلرس، پارٹی قائدین و کارکنان و معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے عہدے کا صحیح استعمال کرتے ہوئے عوام اور پارٹی کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button