تلنگانہ

کے کویتا کا ویژن اتحاد، سیکولرازم اور انصاف پر مبنی – مفتی فیض الدین غوثوی کی ٹی آر ایس سربراہ سے ملاقات۔ نئی سیاسی جماعت کے قیام پر مبارکباد 

کے کویتا کا ویژن اتحاد، سیکولرازم اور انصاف پر مبنی 

مفتی فیض الدین غوثوی کی ٹی آر ایس سربراہ سے ملاقات۔ نئی سیاسی جماعت کے قیام پر مبارکباد 

 

مفتی محمد فیض الدین غوثوی نے تلنگانہ رکشنا سینا کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور نئی سیاسی جماعت کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عوامی خدمت کے مقصد سے نئے سیاسی سفر کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مفتی فیض الدین غوثوی نے کہا کہ کلواکنٹلہ کویتا کا ویژن اتحاد، سیکولرازم اور انصاف پر مبنی ہے۔

 

کویتا کی اقلیت نوازی اور مائناریٹی طبقات کے حقوق کے لئے ان کی مخلصانہ جدوجہد کی ستائش کرتے ہوئے مفتی فیض الدین غوثوی نے کہا کہ کویتا ہمیشہ اقلیتوں کی تعلیمی اور اقتصادی ترقی کی حامی رہی ہیں۔ مفتی صاحب نے مائناریٹی ریزرویشن کی وکالت اور پسماندہ طبقات کو ان کا جائز حق دلانے کے لئے کویتا کی کوششوں کو بےحد اہم قرار دیا۔ مولانا نے عوام سے خواہش کی کہ وہ کلواکنٹلہ کویتا کے متعلق پھیلائی جانے والی گمراہ کن افواہوں پر بالکل توجہ نہ دیں۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ کویتا ایک کٹر سیکولر لیڈر ہیں جو انشاء اللہ ہر مذہب کے ماننے والوں کو ساتھ لے کر چلیں گی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک و ریاست کی ترقی سیکولر اقدار کے تحفظ، تمام طبقات کو مساوی مواقع کی فراہمی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں ہی مضمر ہے، اسی لئے وہ اور ان کے رفقاء مضبوطی کے ساتھ کے کویتا اوران کی جماعت کی حمایت کرتے ہیں۔

 

انہوں نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کویتا کی عوامی خدمات کی ستائش کی اور شخصی طور پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مولانا نے کلواکنٹلہ کویتا کی کامیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں عوامی خدمت کا یہ سفر مزید مضبوط ہوگا اور ریاست میں سیکولر روایات مزید پروان چڑھیں گی اور اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button