جگتیال میں عیدالاضحیٰ کی نمازوں کے اوقات کا اعلان – وقت کی پابندی کی اپیل
جگتیال: شہر جگتیال میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر نمازِ عید کے اوقات کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔ ملت اسلامیہ جگتیال مرکزی کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں مسلمانوں سے وقت کی پابندی کے ساتھ نماز عید میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق عیدگاہ میں نمازِ عید صبح 7 بجے ادا کی جائے گی، جبکہ قلعہ میں صبح 7:30 بجے اور جامع مسجد میں صبح 8 بجے نماز عید ادا ہوگی۔
صدر ملت اسلامیہ محمد عبدالباری اور مرکزی کمیٹی کے اراکین نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی، اطاعت اور اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے مکمل سپردگی کی یاد دلاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عید صرف قربانی تک محدود نہیں بلکہ محبت، بھائی چارے، اتحاد اور اخوت کا بھی پیغام دیتا ہے۔ مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید کے موقع پر آپسی اختلافات ختم کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کے ساتھ خوشیاں منائیں۔



