انٹر نیشنل

مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمینِ حج آج کا دن منیٰ میں گزاریں گے۔ سعودی میں کل یوم عرفہ

کے این واصف

حج 1447 ہجری کے مناسک کا آغاز۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں آج (بروز پیر) ۸ ذوالحجہ ہے اور کل یعنی منگل کو حج کا رکن آعظم یوم عرفہ ہوگا۔ ہر سال چند دنوں کے لیے آباد ہونے والی عارضی خیمہ بستی منیٰ “لبیک الّلّھم لبیک ۔۔۔کی صداؤں سے گونج اٹھی ہے۔ دنیا بھر سے یکجا ہوئے لاکھوں عازمینِ حج آج 8 ذوالحجہ “یوم الترویہ” وادی منیٰ میں نماز ظہر سے قبل پہنچ کر سارا دن منٰی کے خیموں میں گزارتے ہیں

 

اور کل (منگل) نمازِ فجر کے بعد میدان عرفات کی طرف کوچ کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہر سال چند دنوں کے لئے مکہ مکرمہ کے قلب میں واقع یہ وادی منٰی ایک مکمل اور منظم شہر میں تبدیل ہو جاتی ہے جہاں غیرمعمولی انتظامات کے ذریعے دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمینِ حج کو شاندار انداز میں سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور یوں ایمان و عقیدت کا ایک عظیم منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔

 

فائبر گلاس کے سفید خیموں پر مشتمل اس بستی میں بجلی، ٹھنڈک، سکیورٹی، طبی سہولیات، خوراک پانی اور آمدورفت کے منظم نظام 24X7 کام کرتے ہیں۔عازمینِ حج کی نقل و حرکت اور ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مربوط منصوبہ بندی سے مدد لی جاتی ہے، جس کی وجہ سے مشاعرِ مقدسہ دنیا میں بڑے اجتماعات کے بہترین انتظام کی مثال سمجھی جاتی ہے۔

 

مکہ مکرمہ سےعازمینِ حج کو منیٰ منتقل کرنے کے لیے مشاعرِ مقدسہ ٹرین اور بسوں کا استعمال کیا گیا جبکہ محدود تعداد میں ایسے عازمینِ حج پیدل بھی منیٰ پہنچتے ہیں جن کی رہائش وادیِ منیٰ کے قریب واقع تھی۔ہر برس کی طرح سال رواں بھی منیٰ میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے شاہراہوں پر پھوار برسانے والے پولز اور پنکھے فعال کر دیے گئے ہیں جن کی وجہ سے گرمی کا احساس کم ہو جاتا ہے۔

 

منیٰ کی عارضی خیمہ بستی پانچ روز کے لیے لاکھوں فرزندان اسلام کی آمد کے ساتھ ہی آباد ہو جاتی ہے۔ منٰی، فرفات اور مزدلفہ میں صفائی کے انتظام بے مثال ہوتے ہیں۔ میونسپلٹی کی جانب سے بھی مشاعر مقدسہ میں صفائی کے جامع انتظامات دیکھنے میں آئے۔ صفائی کے لیے ہزاروں کارکنوں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button