سیرتِ ابراہیمؑ اور مکاتب کی اہمیت پر عظیم الشان جلسہ

سیرتِ ابراہیمؑ اور مکاتب کی اہمیت پر عظیم الشان جلسہ
کریم نگر، 26 مئی: مکتب فیض عاقل کشمیر گڈہ کے زیر اہتمام “سیرت حضرت ابراہیمؑ اور مکاتب کی اہمیت” کے عنوان سے آئی بی اے گارڈن کشمیر گڈہ میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا۔ جلسہ کی صدارت مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کی جبکہ مولانا سید احمد ومیض ندوی اور مولانا عمر فاروق قاسمی نے خصوصی خطاب فرمایا۔
علماء نے اپنے خطابات میں حضرت ابراہیمؑ کی سیرت کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آزمائشوں اور مشکل حالات میں دین پر مضبوطی سے قائم رہنا سیرتِ ابراہیمؑ کا نمایاں درس ہے۔ انہوں نے توحید، صبر و استقامت، اولاد کی دینی تربیت اور قربانی کے حقیقی جذبہ کو امت کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔
مولانا عمر فاروق قاسمی نے کہا کہ نئی نسل کے ایمان کی حفاظت اور دینی تعلیم کے فروغ کے لیے مکاتب نہایت ضروری ہیں۔ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے سلام کی اہمیت، زبان کی حفاظت اور قربانی کے حقیقی مفہوم پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
جلسہ میں سمر کلاسس کے طلبہ و طالبات نے تعلیمی مظاہرے پیش کیے اور نمایاں طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ پروگرام میں علماء، حفاظ اور عوام کی بڑی تعداد شریک رہی۔




