عادل آباد میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے اوقات کا اعلان، صفائی اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل

عادل آباد، 27/مئی (اردو لیکس) شہر عادل آباد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں نمازِ عید کے اوقات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ علماء کرام، حفاظ اور مسجد انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ نمازِ عید کے دوران صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کا خاص خیال رکھا جائے۔
مرکزی عیدگاہ بھکتاپور، عادل آباد میں نمازِ عیدالاضحیٰ صبح 7 بجے ادا کی جائے گی، جہاں مولانا ضمیر بیگ قاسمی امامت فرمائیں گے اور عید کا خطبہ دیں گے۔ جبکہ شہر کی تاریخی جامع مسجد میں نمازِ عید صبح 8 بجے ادا کی جائے گی، جہاں مفتی ناصر نہدی قاسمی امامت و خطاب کی ذمہ داری انجام دیں گے۔
اسی طرح چاندہ شریف میں نمازِ عید صبح 7 بجکر 15 منٹ پر ادا ہوگی۔ مسجد حسن، شانتی نگر میں نمازِ عید صبح 6 بجے مقرر کی گئی ہے، جہاں مفتی یعقوب علی اسعدی خطاب کریں گے جبکہ مفتی سہیل ممتاز قاسمی امامت فرمائیں گے۔ اس موقع پر حافظ محمد منظور احمد کی نگرانی میں مسجد انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مسجد ظہرا، خانہ پور میں نمازِ عید صبح 7 بجے ادا کی جائے گی، جہاں مولانا ذاکر حسین قادری امامت و خطابت انجام دیں گے۔ مسجد رضا، عبداللہ چوک میں نماز کا وقت صبح 6:30 بجے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مسجد گلزار میں نمازِ عید صبح 7:30 بجے ادا ہوگی۔
اسی طرح مسجد موتی، محلہ بڑھ میں نمازِ عید صبح 6:15 بجے، مسجد غریب نواز، کرانتی نگر میں صبح 7:30 بجے، جبکہ خانقاہ محمدی اجمیری نصرتی میں بھی صبح 7:30 بجے نمازِ عید ادا کی جائے گی۔
علماء کرام، عیدگاہ کمیٹی اور مسجد انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عیدگاہ اور مساجد میں صفائی کا خاص خیال رکھیں، عیدگاہ آتے وقت اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور گاڑیوں کی پارکنگ مقررہ مقامات پر کریں۔ ساتھ ہی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔



