سعودی عرب سے پاکستان تک عید کی رونقیں، قربانی اور عبادت کا روحانی ماحول – حجاج منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے میں مصروف

حیدراباد : اسلامی دنیا میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور روحانی جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ سعودی عرب، خلیجی ممالک، انڈونیشیا، ملائیشیا، مصر سمیت دنیا کے مختلف اسلامی ممالک میں مسلمانوں نے نمازِ عید ادا کرنے کے بعد سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع کردیا۔
یورپی ممالک، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، فرانس، آسٹریلیا اور فلپائن میں مقیم مسلمان برادری نے بھی عیدالاضحیٰ مذہبی احترام کے ساتھ منائی۔ مختلف شہروں میں عیدگاہوں اور مساجد میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں مسلمانوں نے امن، بھائی چارہ، امت مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں قیامِ امن کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
پاکستان میں بھی عیدالاضحیٰ نہایت مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ ملک بھر کی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات دیکھنے میں آئے۔ نماز کے بعد لوگوں نے ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
نمازِ عید کی ادائیگی کے فوراً بعد قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا جو تین دن تک جاری رہے گا۔ شہروں اور دیہی علاقوں میں قربانی کیلئے لائے گئے جانوروں کی خریداری، ذبح اور گوشت کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ فلاحی تنظیمیں اور نوجوان رضاکار بھی غریبوں اور مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب فریضۂ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں موجود 17 لاکھ سے زائد حجاج کرام مزدلفہ میں رات گزارنے اور کنکریاں جمع کرنے کے بعد آج منیٰ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ حج کے اہم رکن ’’رمی جمرات‘‘ کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔
حجاج کرام آج بڑے شیطان کو سات کنکریاں مارنے کے بعد جانوروں کی قربانی کریں گے، پھر سر منڈوا کر یا بال کٹوا کر احرام کھول دیں گے۔ اس مرحلہ کے بعد حجاج کرام طوافِ زیارت اور دیگر مناسک حج ادا کریں گے۔
سعودی حکومت کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں سکیورٹی، صفائی، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ اور حجاج کی رہنمائی کیلئے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مناسک حج پرامن اور منظم انداز میں مکمل ہوسکیں۔




