انٹر نیشنل

سعودی عرب کی “ختمامہومسک” تقریب میں ہندوستانی حج مشن کو دو ممتاز "لبیکم” ایوارڈز

جدہ – عبدالرحمٰن بیگ

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے حج 2026ء کے کامیاب اختتام کے موقع پر منعقدہ "ختامہو مسک” تقریب میں ہندوستانی حج مشن کو شاندار خدمات کے اعتراف میں دو باوقار "لبیکم” ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں ہندوستان کے قونصل جنرل جناب فہد احمد خان سوری اور قونصل (حج) محترمہ صدف چودھری نے شرکت کی۔

 

ہندوستان کو "بہترین حج کوآرڈینیشن اور کمیونیکیشن” کے زمرے میں دو ایوارڈز حاصل ہوئے، جو ہندوستانی عازمینِ حج کے لیے مؤثر رابطہ کاری، عمدہ انتظامات اور جامع فلاحی خدمات کی فراہمی کے اعتراف میں دیے گئے۔ یہ اعزاز تقریباً ایک لاکھ پچھتر ہزار (175,000) ہندوستانی عازمینِ حج کے لیے کامیاب، محفوظ اور منظم حج انتظامات کا مظہر ہے۔

 

اس موقع پر قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے سعودی حکومت، وزارتِ حج و عمرہ، مقامی خدمات فراہم کرنے والے اداروں اور تمام شراکت دار ایجنسیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھرپور تعاون اور معاونت نے ہندوستانی عازمین کے حج کو آرام دہ، محفوظ اور روحانی طور پر بامقصد بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حج کا بنیادی مرحلہ 30 مئی 2026 (13 ذی الحجہ) کو تمام ہندوستانی عازمین کی منیٰ سے بحفاظت واپسی کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہو، جو مناسکِ حج کی تکمیل کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔انہوں نے تمام ہندوستانی عازمینِ حج کو فریضۂ حج کی کامیاب ادائیگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ وہ اس عظیم عبادت کی روحانی برکات اور سعادتوں کے ساتھ اپنے وطن واپس لوٹیں۔

 

قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ ہندوستانی عازمین کی واپسی کا مرحلہ یکم جون 2026ء سے شروع ہوا اور ان کی روانگی کو منظم، سہل اور آرام دہ بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے عازمین کی اپنے اہلِ خانہ کے پاس بحفاظت واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

 

اختتامی تقریب میں سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ اور نائب وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام اور حج مشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button