اندراما مکانات اسکیم پورے ملک کے لئے مثالی نمونہ: محمد علی شبیر

عادل آباد، 2/ جون (اردو لیکس)ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت غریب اور بے گھر خاندانوں کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کر رہی ہے اور ’’اندراما مکانات‘‘ اسکیم اس سمت میں ایک تاریخی قدم ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم نہ صرف تلنگانہ بلکہ پورے ملک کے لئے ایک مثالی ماڈل بن سکتی ہے۔
’’پرجا پالنا – پرگتی پرنالیکا‘‘ پروگرام کے تحت منگل کے روز محمد علی شبیر نے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کے ہمراہ عادل آباد شہر کے وارڈ نمبر 42 میں اندراما مکانات اسکیم کے مستحقین کے گھروں کی ہاؤس وارمنگ تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر بیش ٹھاکر منگلا، وانتسام، وانتشا اور دیگر مستحق خاندانوں کے نئے مکانات کا افتتاح عمل میں آیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ ریاستی حکومت بے گھر غریب خاندانوں کو باعزت رہائش فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اندراما مکانات اسکیم کے تحت ہر مستحق خاندان کو مکان کی تعمیر کے لیے مرحلہ وار پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنا مستقل گھر تعمیر کرسکیں۔
انہوں نے مستحقین سے ملاقات کرتے ہوئے گھروں کی تعمیر پر آنے والے اخراجات اور دیگر تفصیلات معلوم کیں اور انہیں نئے گھروں میں خوشحال زندگی کے لیے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مستحق خاندانوں نے بھی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ امداد پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔
بعد ازاں محمد علی شبیر اور ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے حکومت کی جانب سے مستحقین میں کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائی اور ان کے ساتھ خوشی کے لمحات بھی گزارے۔
اس تقریب میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اکھل مہاجن، ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز) راجیشور، پروجیکٹ ڈائریکٹر ہاؤسنگ شنکر، میوسپل چیرپرسن بنڈاری انوشا، وارڈ کونسلر سواتھی، عوامی نمائندے، مختلف محکموں کے افسران، مستحقین، ان کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں مقامی عوام نے شرکت کی۔



