جنرل نیوز

ایس آئی آر عمل میں سنجیدہ اور باخبر بی ایل ایز کی نامزدگی ناگزیر : محمد حسام الدین صدیقی

ایس آئی آر عمل میں سنجیدہ اور باخبر بی ایل ایز کی نامزدگی ناگزیر : محمد حسام الدین صدیقی

حیدرآباد (راست) تلنگانہ میں 25 جون سے شروع ہونے والے حساس اور اہم اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) عمل کے پیشِ نظر تمام سیاسی جماعتوں سے مہر آرگنائزیشن کے صدر محمد حسام الدین صدیقی نے اپیل کی ہے کہ وہ بوتھ لیول ایجنٹس (BLAs) کے طور پر باخبر، ذمہ دار، سنجیدہ اور عوامی مسائل سے واقف افراد کو نامزد کریں تاکہ وہ بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کے ساتھ موثر تعاون کرتے ہوئے عوام کی صحیح رہنمائی کر سکیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کا عمل انتہائی حساس اور نازک مرحلہ ہے، جس کے دوران معمولی سی لاپرواہی یا کوتاہی بھی ہزاروں شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں اس عمل کو محض رسمی کارروائی نہ سمجھیں بلکہ عوامی خدمت اور جمہوری حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری کے طور پر لیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی بڑی تعداد میں لوگ ایس آئی آر کی اہمیت اور اس کے طریقہ کار سے پوری طرح واقف نہیں ہیں،

 

جبکہ پری میپنگ (Pre-mapping)کا عمل بھی کئی علاقوں میں مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ ایسے میں بی ایل اوز، مقامی سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران اور سماجی کارکنان کو چاہیے کہ وہ گھر گھر پہنچ کر عوام میں بیداری پیدا کریں اور پری میپنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کروانے میں تعاون کریں

 

۔محمد حسام الدین صدیقی نے نشاندہی کی کہ بہت سے ایسے افراد موجود ہیں جن کے نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں تھے، جس کے باعث انہیں درکار دستاویزات اور ضابطوں کے بارے میں صحیح معلومات کی اشد ضرورت ہے۔ عوام کو یہ بتایا جانا چاہیے کہ نام کے اندراج یا تصحیح کے لیے کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ بروقت اپنی دستاویزات تیار کر سکیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ جن افراد کا نام 2025 کی ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہے یا وہ نوجوان جن کی عمر اب 18 سال مکمل ہو چکی ہے، انہیں فوری طور پر اپنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کروانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔ ووٹ کا حق ہر شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے اور اس حق کے تحفظ کے لیے بروقت اندراج انتہائی ضروری ہے۔مہر آرگنائزیشن کے صدر نے مختلف سماجی تنظیموں، رفاہی اداروں اور شہری انجمنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایس آئی آر کے عمل کو کامیاب اور شفاف بنانے کے لیے عوامی بیداری مہم چلائیں، مستحق افراد کی رہنمائی کریں اور انتخابی فہرستوں کی درستگی کے عمل میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی جماعتیں، سماجی تنظیمیں اور متعلقہ سرکاری عملہ باہمی تعاون کے ذریعے اس اہم جمہوری عمل کو کامیابی سے مکمل کریں گے تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button