اِن سروس اساتذہ کے لیے خصوصی ٹیٹ امتحانات کے انعقاد کو حکومتِ تلنگانہ کی منظوری

اِن سروس اساتذہ کے لیے خصوصی ٹیٹ امتحانات کے انعقاد کو حکومتِ تلنگانہ کی منظوری
حیدرآباد، 4 جون:( اردو لیکس )حکومتِ تلنگانہ نے ریاست کے اِن سروس اساتذہ کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے سالانہ دو باقاعدہ ٹیٹ امتحانات کے علاوہ مزید دو خصوصی تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچر ایلیجبلٹی ٹیسٹ (TET) منعقد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیماتِ مدرسہ (School Education Department) نے مورخہ 3 جون 2026 کو باضابطہ میمو جاری کیا ہے۔
اس اہم فیصلے کا ریاست بھر کے ہزاروں اِن سروس اساتذہ نے خیرمقدم کیا ہے۔ واضح رہے کہ مختلف اساتذہ تنظیموں اور قائدین نے گزشتہ کئی ماہ سے حکومت کی توجہ اس مسئلہ کی جانب مبذول کرائی تھی۔ اس ضمن میں مختلف نمائندگیوں، یادداشتوں اور تجاویز کی روشنی میں حکومت نے یہ مثبت فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیٹ ٹیچرز یونین تلنگانہ (STUTS) کے ریاستی صدر جناب جی۔ سدانندم گوڑ اور ریاستی جنرل سکریٹری جے گجندر اور ضلع حیدراباد کے صدر جناب راما صبا راؤ اور جنرل سیکرٹری جناب محمد افتخار الدین اور سٹریٹ ٹیچرز یونین کے تمام منڈلوں کے ذمہ داران نے حکومتِ تلنگانہ، محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ہزاروں اِن سروس اساتذہ کے پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے نہایت سودمند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی مسلسل جدوجہد اور اساتذہ کے اجتماعی مطالبات کو حکومت نے مثبت انداز میں قبول کیا ہے۔
تنظیم کے دیگر قائدین اور ذمہ داران نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خصوصی ٹیٹ امتحانات کے انعقاد سے اِن سروس اساتذہ کو اپنی پیشہ ورانہ اہلیت بہتر بنانے اور ترقی کے مزید مواقع حاصل ہوں گے۔
اساتذہ حلقوں میں اس حکومتی اقدام کو ایک تاریخی اور خوش آئند فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ریاست کے تعلیمی نظام کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔



