مسجد نبوی میں سفید “تھاسوس” سنگ مرمر،درجہ حرارت کم رکھنے میں مددگار- زائرین کو سہولت

کے این واصف
حرم مکی کے مطاف صحن کی طرح اب حرم مدینہ میں بھی ٹھنڈ کا احساس دینے والے مابل فرش کا اہتمام۔ سعودی جنرل اتھارٹی برائے حرمین شریفین نے کہا ہے کہ مسجد نبوی کی چھت اور بیرونی صحنوں میں ایک لاکھ 17 ہزار مربع میٹر رقبے پر سفید “تھاسوس” نامی سنگ مرمر کا استعمال کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق یہ سنگ مرمر ماحول کے درجہ حرارت کم کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے زائرین اپنے قدموں کے نیچے ٹھنڈک محسوس کر سکتے ہیں۔اتھارٹی کے مطابق “تھاسوس” ماربل اپنے چمکدار سفید رنگ کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ سورج کی شعاعوں کو جذب کرنے کے بجائے منعکس کرنے اور ماربل کو ٹھنڈا رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
حج و عمرہ سیزن کے دوران لاکھوں فرزندانِ اسلام یہاں آتے ہیں اور نماز ادا کرتے ہیں۔ اس دوران انہیں دن کے وقت ٹھنڈے ماربل کی وجہ سے شدید گرمی کا احساس نہیں ہوتا۔ یہ اقدام اس توجہ اور نگہداشت کی عکاسی کرتا ہے جو مملکت دونوں مقدس مساجد کے لیے کر رہی ہے۔



