ایجوکیشن

سرکاری ملازمت ایک امانت، ریٹائرمنٹ ایک باوقار اعزاز مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

سرکاری خدمات سے باعزت سبکدوش ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں تہنیتی تقریب

سرکاری ملازمت ایک امانت، ریٹائرمنٹ ایک باوقار اعزاز مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

حیدرآباد، 28 جون 2026 (پریس ریلیز)قوموں کی ترقی صرف عظیم منصوبوں سے نہیں بلکہ ان مخلص اور باکردار افراد کی شبانہ روز محنت سے ہوتی ہے جو خاموشی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اداروں کی عزت، نظم و نسق اور عوامی اعتماد کو مضبوط بناتے ہیں۔ ایسے لوگ جب اپنی عمر کا بہترین حصہ قوم و ملت کی خدمت میں گزار کر باعزت طور پر سبکدوش ہوتے ہیں تو درحقیقت وہ صرف ملازمت سے رخصت نہیں ہوتے بلکہ اپنی دیانت، امانت اور حسنِ کردار کی ایک روشن تاریخ اپنے پیچھے چھوڑ جاتے ہیں۔

اسی جذبۂ اعتراف کے تحت آج مرکزی دفتر، بنجارہ ہلز، روڈ نمبر 12، حیدرآباد میں ان سرکاری ملازمین کے اعزاز میں ایک پُروقار تہنیتی تقریب منعقد ہوئی جو 30 جون 2026 کو اپنی طویل، دیانت دارانہ اور مثالی سرکاری خدمات مکمل کرکے سبکدوش ہونے والے ہیں۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، اعلیٰ افسران، اساتذہ، دانشوروں اور معززینِ شہر نے شرکت کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے ملازمین کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرسنڈنٹ فروغِ لسانیات، استاذ شعبۂ عربی، محکمۂ تعلیم حکومتِ تلنگانہ، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے فرمایا:

"سرکاری ملازمت محض روزگار کا ذریعہ نہیں بلکہ عوامی خدمت کی ایک مقدس امانت ہے۔ جو افراد دیانت، امانت، اخلاص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، وہ صرف اپنی ملازمت نہیں کرتے بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر میں حصہ لیتے ہیں۔ ریٹائرمنٹ خدمت کے اختتام کا نام نہیں بلکہ ایک باوقار اور بابرکت نئی زندگی کا آغاز ہے۔”

انہوں نے اپنے خطاب میں ایک سبق آموز واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک دیانت دار سرکاری ملازم نے اپنی پوری ملازمت کے دوران کبھی سرکاری وقت کو ذاتی کام کے لیے استعمال نہیں کیا۔ سبکدوشی کے دن جب ساتھیوں نے ان سے کامیاب زندگی کا راز پوچھا تو انہوں نے مسکرا کر جواب دیا: "میں نے ہمیشہ اپنی کرسی کو اختیار نہیں بلکہ امانت سمجھا، اسی لیے آج مطمئن ضمیر کے ساتھ رخصت ہو رہا ہوں۔” مولانا نے فرمایا کہ یہی احساسِ امانت ایک کامیاب اور باکردار سرکاری ملازم کی اصل پہچان ہے، اور نئی نسل کو اسی کردار سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ معاشرے کو تجربہ کار اور مخلص افراد کی رہنمائی ہمیشہ درکار رہتی ہے، اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بزرگ ملازمین اپنی علمی، سماجی اور اخلاقی خدمات کے ذریعے نئی نسل کی تربیت اور معاشرے کی اصلاح میں فعال کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر تمام سبکدوش ہونے والے ملازمین کی گلپوشی کی گئی، انہیں تہنیتی اسناد پیش کی گئیں اور ان کی طویل، دیانت دارانہ اور مثالی خدمات کا بھرپور اعتراف کیا گیا۔ شرکاء نے ان کی آئندہ زندگی کے لیے صحت، عافیت، سکون، برکت، خوشحالی اور کامیابی کی دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداروں کی حقیقی ترقی دیانت، امانت اور احساسِ ذمہ داری جیسے اعلیٰ اوصاف کے فروغ ہی سے ممکن ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button