اسرائیل کی لبنان میں فوجی کاروائیاں فوری روکی جائے۔ ایران کا امریکہ سے مطالبہ

نئی دہلی: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے مطابق اسرائیل کا لبنان سے انخلا اور اس کی تمام فوجی کارروائیوں کا خاتمہ لازمی شرط ہے۔بغداد کے سرکاری دورے
کے دوران انہوں نے اس مؤقف پر زور دیا کہ خطے میں کسی بھی معاہدے کی کامیابی کے لیے یہ اقدامات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔اس سے قبل ایرانی خبر رساں اداروں مہر نیوز اور ارنا نے وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے حوالے
سے رپورٹ کیا تھا کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ تمام ضروری اقدامات کرے تاکہ اسرائیل لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے۔اتوار کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کے
چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق اپنی پالیسی کے تحت لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔انہوں نے مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا بنیادی مطالبہ یہ ہے کہ
اسرائیل لبنان میں اپنی کارروائیاں بند کرے اور ایران کے خلاف جاری کشیدگی کا بھی خاتمہ ہو، جس پر تہران مسلسل زور دیتا رہا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق پر مکمل عمل درآمد، یعنی لبنان پر اسرائیلی
حملوں کا خاتمہ اور تمام مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اسرائیلی افواج کا انخلا، خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے بنیادی شرط ہے۔



