یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر ساس نے بہو کی زچگی کی، شدید خون بہنے سے خاتون کی موت

چنئی: دردِ زہ میں مبتلا بہو کی یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر گھر میں ہی ڈلیوری کرانے کی کوشش جان لیوا ثابت ہوئی۔ شدید خون بہنے کے باعث خاتون کی موت ہو گئی۔پولیس کے مطابق، تمل ناڈو کے تروپور ضلع کے پنجائی تھلاوائی پالیَم گاؤں
سے تعلق رکھنے والے کُلندائی سامی اور ششی کلا دونوں سافٹ ویئر انجینئر تھے۔ ان کی چار سالہ ایک بیٹی بھی ہے۔ششی کلا دوسری بار حاملہ ہونے کے بعد پورے حمل کے دوران اسپتال نہیں گئیں۔ اس ماہ کی 24 تاریخ کو علی
الصبح انہیں دردِ زہ شروع ہوا لیکن انہیں اسپتال لے جانے کے بجائے ان کی ساس پلنیاتھال نے یوٹیوب ویڈیو کی مدد سے گھر میں ہی زچگی کرائی۔ خاتون نے ایک بیٹے کو جنم دیا بعد ازاں خاتون کی طبعیت بگڑ گئی۔بعد ازاں ششی کلا کو
شدید خون بہنے لگا جس پر پہلے مقامی خانگی ہاسپٹل اور پھر ایروڈ کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی بچہ دانی نکالنے کی سرجری کی۔ حالت مزید بگڑنے پر 25 تاریخ کو انہیں کوئمبتور کے ایک خانگی اسپتال منتقل
کیا گیا جہاں تین روز تک علاج کے بعد خاتون کی موت ہوگئی۔نوزائیدہ بچے کو ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔پولیس کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان کی پہلی اولاد سیزیرین آپریشن کے ذریعے پیدا ہوئی تھی لیکن دوسری بار انہوں نے
نارمل ڈلیوری کی کوشش کی۔ حمل کے دوران انہوں نے نہ تو ضروری طبی معائنے کرائے اور نہ ہی حفاظتی ٹیکے لگوائے۔ یوٹیوب ویڈیو کی مدد سے گھر میں نارمل ڈلیوری کرانے کی کوشش کے دوران ان کی جان چلی
گئی۔پولیس نے خاتون کی ساس کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔



