جنرل نیوز

حقِ رائے دہی کا تحفظ ہر شہری کی آئینی ذمہ داری، ایس آئی آر کے عمل میں بروقت اندراج کو یقینی بنائیں: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

حقِ رائے دہی کا تحفظ ہر شہری کی آئینی ذمہ داری، ایس آئی آر کے عمل میں بروقت اندراج کو یقینی بنائیں: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

 

حیدرآباد، 4 جولائی (پریس ریلیز)جمہوریت کی اصل قوت باشعور اور ذمہ دار شہری ہوتے ہیں، جبکہ حقِ رائے دہی اس قوت کا بنیادی ستون ہے۔ ووٹ صرف ایک انتخابی حق نہیں بلکہ آئینِ ہند کی عطا کردہ ایک قیمتی امانت ہے، جس کا تحفظ ہر شہری کی قومی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ ہر اہل ووٹر ۰اپنی انتخابی حیثیت کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کرے، قانونی دستاویزات کو مکمل رکھے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ووٹر فہرست میں اپنے نام کی تصدیق کو یقینی بنائے۔معروف اسکالر، خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے عمل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور متعلقہ انتخابی حکام کی جانب سے طلب کیے جانے والے تمام ضروری دستاویزات مقررہ وقت کے اندر جمع کرائے جائیں تاکہ ووٹر فہرست میں نام برقرار رہے اور کسی بھی قسم کی انتظامی دشواری سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات تقاضا کرتے ہیں کہ ہر شہری اپنی شناختی اور قانونی دستاویزات کی جانچ کرے، اگر کسی دستاویز میں کمی ہو تو اسے فوری طور پر مکمل کرے اور انتخابی عمل میں بھرپور تعاون دے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانونی طریقۂ کار اختیار کرنا ہی اپنے جمہوری حقوق کے تحفظ کا مؤثر ذریعہ ہے۔

مولانا نے نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام میں شعور بیدار کریں، خصوصاً بزرگوں، خواتین اور کمزور طبقات کی رہنمائی کریں اور ضرورت پڑنے پر ان کے کاغذات کی تکمیل اور اندراج کے عمل میں تعاون کریں تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے آئینی حقِ رائے دہی سے محروم نہ ہونے پائے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری، نظم و ضبط اور قانونی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے SIR کے عمل میں بھرپور حصہ لے، اپنے نام کی تصدیق اور اندراج کو یقینی بنائے اور اپنے جمہوری و آئینی حقِ رائے دہی کا تحفظ کرے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button