سسرالی گھر سے طلائی زیورات چوری کرنے والا داماد گرفتار، تین تولہ سونا برآمد

کاماریڈی، 4 جولائی (سید کوثر علی) تلنگانہ کے کاماریڈی پولیس نے سسرالی گھر سے طلائی زیورات چوری کرنے والے داماد کو گرفتار کرتے ہوئے تقریباً تین تولہ سونا برآمد کر لیا۔ اس بات کی اطلاع ڈی ایس پی مدھوسدن نے ہفتہ کو منعقدہ پریس کانفرنس میں دی۔
انہوں نے بتایا کہ گنج روڈ، کاماریڈی کی رہائشی پدما نے 30 جون کو پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ 28 جون کی رات گھر کی الماری میں محفوظ سونے کے کانوں کے زیورات، پستے، گنڈے اور دیگر طلائی اشیاء پراسرار طور پر غائب ہوگئی ہیں۔ گھر والوں نے کافی تلاش کی، مگر زیورات کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
پولیس نے تکنیکی شواہد اور مقامی اطلاعات کی بنیاد پر تحقیقات کرتے ہوئے ہریجن واڑہ کے رہائشی مرلی کرشنا کو حراست میں لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ شکایت کنندہ اس کے سسرالی گھر کی چابیاں اور زیورات رکھنے کی جگہ کا پہلے سے علم تھا۔ اسی معلومات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے واردات انجام دی۔
ملزم نے بتایا کہ گھریلو اخراجات اور مالی تنگی کے باعث اس نے چوری کی۔ اس نے سونے کے کانوں کے زیورات آئی آئی ایف ایل میں اور سونے کی چین کیپری گولڈ لونز میں رہن رکھ دی، جبکہ تین طلائی پستے اپنے ٹفن سینٹر میں چھپا دیے تھے۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر تین مختلف مقامات سے تقریباً تین تولہ طلائی زیورات برآمد کر لیے ہیں۔ ڈی ایس پی کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ اس موقع پر ایس ایچ او نرہری سمیت دیگر پولیس عہدیدار بھی موجود تھے۔



