جنرل نیوز

خوشبو لگانا سنتِ نبوی ﷺ اور اسلامی تہذیب کا حسین مظہر ہے: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

خوشبو لگانا سنتِ نبوی ﷺ اور اسلامی تہذیب کا حسین مظہر ہے: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

حیدرآباد، 7 جولائی (پریس ریلیز):

خوشبو انسان کی ظاہری و باطنی پاکیزگی، نفاستِ طبع اور حسنِ معاشرت کی علامت ہے۔ دینِ اسلام نے جہاں طہارت و نظافت کو ایمان کا حصہ قرار دیا ہے، وہیں خوشبو کے استعمال کو بھی سنتِ نبوی ﷺ اور اسلامی تہذیب کا حسین مظہر بتایا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک زندگی کا ہر پہلو امت کے لیے مشعلِ راہ ہے، اسی لیے آپ ﷺ کی پسندیدہ اشیاء، عادات اور تعلیمات کو جاننا اور ان پر عمل کرنا محبتِ رسول ﷺ کا تقاضا ہے۔

چیئرمین لینگویجز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے آج صدر دفتر، بنجارہ ہلز، روڈ نمبر 12، حیدرآباد میں منعقدہ فکری نشست بعنوان "عوامی مسائل کا حل احکامِ شریعت کی روشنی میں” سے خطاب کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں فرمایا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خوشبو سے غیر معمولی محبت تھی۔ جب بھی کوئی خوشبو بطورِ تحفہ پیش کی جاتی تو آپ ﷺ اسے کبھی رد نہ فرماتے اور ارشاد فرماتے کہ خوشبو کے تحفے کو رد نہ کرو، کیونکہ یہ جنت کی نعمتوں میں سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ احادیثِ مبارکہ میں مردوں اور عورتوں کی خوشبو کے آداب بھی بیان کیے گئے ہیں۔ مردوں کے لیے ایسی خوشبو پسندیدہ ہے جس کی مہک نمایاں ہو مگر اس کا رنگ ظاہر نہ ہو، جبکہ خواتین کے لیے ایسی خوشبو بہتر ہے جس کا رنگ نمایاں ہو لیکن اس کی خوشبو غیر محرموں تک نہ پہنچے۔ اسی طرح جمعہ اور عیدین کے مواقع پر خوشبو لگانے کی خصوصی ترغیب بھی دی گئی ہے۔

مولانا نے مزید فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خصوصیت کے ساتھ عود، کستوری اور ریحان جیسی خوشبویات کو پسند فرماتے تھے۔ یہ سنتِ نبوی ﷺ نہ صرف صفائی، نفاست اور حسنِ ذوق کی تعلیم دیتی ہے بلکہ معاشرے میں پاکیزگی، خوش اخلاقی اور باہمی محبت کے فروغ کا بھی ذریعہ بنتی ہے۔

انہوں نے آخر میں مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ سنتِ رسول ﷺ سے اپنی وابستگی کو مضبوط کریں، خصوصاً جمعہ، عیدین اور دیگر دینی مواقع پر خوشبو کا اہتمام کریں اور اپنی زندگی کو تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں تاکہ دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل ہو سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button