نیشنل

یہ 7 غلطیاں کیں تو 2 ہزار روپے جرمانہ دینا پڑے گا… ریلوے نے قواعد سخت کر دیے

نئی دہلی: ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے انڈین ریلوے نے اپنے قوانین مزید سخت کر دیے ہیں۔ مسافروں کی حفاظت، نظم و ضبط اور ریلوے املاک کے تحفظ کے پیش نظر متعدد خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

 

بغیر ٹکٹ سفر کرنے، خواتین کے مخصوص ڈبے میں سفر کرنے اور ٹرین میں سگریٹ نوشی کرنے پر اب 2 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ بعض سنگین خلاف ورزیوں پر 10 ہزار روپے تک جرمانہ اور جیل کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔ اس لیے دورانِ سفر ان سات غلطیوں سے ضرور بچیں۔

 

1. بغیر ٹکٹ سفر کرنا
اگر کوئی شخص درست ٹکٹ کے بغیر سفر کرتا ہوا پکڑا جاتا ہے تو ٹکٹ ایگزامینر فوری کارروائی کرے گا۔ سفر کے فاصلے اور ٹکٹ کی نوعیت کے مطابق کرایے کے ساتھ اضافی جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر موقع پر ہی مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔

 

2. خواتین کے کوچ میں سفر کرنا
خواتین کی حفاظت کے لیے مخصوص کوچ میں بغیر کسی جائز وجہ کے مردوں کے سفر کرنے پر کارروائی کی جائے گی۔ حالات کے مطابق جرمانے کے علاوہ دیگر قانونی اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔

 

3. ٹرین یا ریلوے اسٹیشن پر سگریٹ نوشی
ٹرین، پلیٹ فارم یا ریلوے احاطے میں سگریٹ، بیڑی یا دیگر تمباکو مصنوعات استعمال کرنے پر 2 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں معاملہ عدالت تک جا سکتا ہے جہاں مزید سخت کارروائی ممکن ہے۔

 

4. ریلوے سہولیات کا غلط استعمال
ویٹنگ ہال، ریزرو نشستیں، پلیٹ فارم یا دیگر ریلوے سہولیات کا جان بوجھ کر غلط استعمال نقصان پہنچانا یا قواعد کی خلاف ورزی کرنا بھی قابلِ سزا جرم ہے۔ ایسے معاملات میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ سخت جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

 

5. بغیر اجازت سامان فروخت کرنا
ٹرین یا ریلوے اسٹیشن پر ریلوے کی اجازت کے بغیر کھانے پینے کی اشیا کھلونے یا دیگر سامان فروخت کرنے پر 2 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

 

6. ٹرین یا اسٹیشن پر بھیک مانگنا
ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھیک مانگتے ہوئے پکڑے جانے پر بھی 2 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

 

7. خطرناک اشیا ساتھ لے جانا
دھماکہ خیز مواد، آتش گیر اشیا یا دیگر ممنوعہ سامان کے ساتھ سفر کرنا سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔ ایسے معاملات میں 10 ہزار روپے تک جرمانہ اور جرم کی نوعیت کے مطابق قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

اس لیے سفر سے پہلے اپنے سامان کی اچھی طرح جانچ کر لیں کہ اس میں کوئی ممنوعہ چیز موجود نہ ہو۔

متعلقہ خبریں

Back to top button