نیشنل

مہاراشٹر کے ہنگولی، ناندیڑ اور پربھنی میں زلزلوں کے جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس

ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے ضلع ہنگولی میں جمعرات کی علی الصبح یکے بعد دیگرے ہلکے شدت کے چار زلزلے محسوس کیے گئے جن میں سب سے شدید زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی۔

 

دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں چار مرتبہ زمین لرزنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔قومی مرکز برائے زلزلہ پیما کے مطابق پہلا زلزلہ رات 1:37 بجے آیا، جس کا مرکز ضلع ہنگولی میں زمین کی 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

 

اس کے بعد 2:15 بجے 3.6 شدت، 2:17 بجے 3.9 شدت اور 3:23 بجے 4.1 شدت کا ایک اور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ چاروں زلزلے ہنگولی ضلع کے قریبی علاقوں میں آئے اور ان کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

 

زلزلے کے جھٹکے پڑوسی اضلاع لاتور، پربھنی اور ناندیڑ میں بھی محسوس کیے گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوس میں دیکھا گیا کہ لوگ خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم حکام نے ان تمام ویڈیوز کی تصدیق نہیں کی ہے۔

 

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران بھی ہنگولی ضلع میں کئی مرتبہ زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ 2 جولائی 2026 کو یہاں 3.6 اور 3.5 شدت کے دو زلزلے آئے تھے، جبکہ 11 اپریل 2026 کو ضلع میں 4.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مسلسل زلزلے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہنگولی کا علاقہ گزشتہ چند ماہ سے زلزلہ خیز سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

 

جبکہ متعلقہ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور تازہ زلزلوں کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button